Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات کے لیے مرکز سے 4700 کروڑ کی امداد

تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات کے لیے مرکز سے 4700 کروڑ کی امداد

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی کے دوران وزیر فینانس کا تیقن

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی کے دوران وزیر فینانس کا تیقن
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مختلف فلاحی اسکیمات کے آغاز کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے ممکنہ تعاون کے امکانات کے پیش نظر چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے راحت کی سانس لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر مرکز نے تلنگانہ کیلئے 4700 کروڑ کی امداد کا یقین دلایا ہے۔ یہ رقم مختلف ٹیکسس اور ویاٹ میں ریاست کی حصہ داری کے طور پر ادا کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں مرکز یہ رقم تلنگانہ کیلئے جاری کرے گا۔ چیف منسٹر نے وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کے دوران تلنگانہ کی معاشی دشواریوں سے واقف کرایا تھا۔ انہوں نے نو قائم شدہ ریاست تلنگانہ میں بجٹ کی کمی کے سبب فلاحی اسکیمات میں عمل آوری میں تاخیر سے بھی مرکزی وزیر فینانس کو واقف کرایا ۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے تعاون کی خواہش کی جس پر مرکزی حکومت کے عہدیداروں نے چندرا شیکھر راو کو واقف کرایا کہ آئندہ تین ماہ میں مرکز 4700 کروڑ روپئے جاری کرسکتا ہے ۔ بتایا جات ہے کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود مختلف ادارے ویاٹ آندھرا پردیش کو ادا کررہے ہیں جس کے باعث تلنگانہ اپنے حق سے محروم ہیں۔ گذشتہ 10 ماہ کے دوران ٹیکسس میں آندھرا پردیش کی حصہ داری کے بارے میں مرکز کو واقف کروایا گیا اور تلنگانہ حکومت نے 10ہزار کروڑ روپئے کی حصہ داری کا دعوی کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزارت فینانس نے پہلے مرحلے میں 4700 کروڑ روپئے کی اجرائی سے اتفاق کرلیا۔ یہ رقم مرحلہ وار انداز میں جاری کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 1200 کروڑ روپئے کی اجرائی کا امکان ہے جس سے اہم شعبوں میں حکومت کو فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ برقی بحران کے پیش نظر دیگر ریاستوں سے برقی کی خریدی، فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور کسانوں کے قرضوں کی معافی کے سلسلہ میں حکومت کو فوری طور پر ایک ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ مرکز کی امداد کی صورت میں حکومت اہم پالیسی فیصلوں پر عمل آوری کے قابل ہوجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا شیکھر راو کی نمائندگی پر مرکز نے تلنگانہ میں 4 ہزار میگا واٹ صلاحیت والے برقی پلانٹ کے قیام سے بھی اتفاق کرلیا ہے ۔ چیف منسٹر نے وزراء اور پارٹی کے بااعتماد رفقاء سے ملاقات کے دوران دورہ دہلی کی تفصیلات اور مرکز سے امکانی امداد سے واقف کرایا ۔

TOPPOPULARRECENT