Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں لاری مالکین کی ہڑتال ختم

تلنگانہ میں لاری مالکین کی ہڑتال ختم

مطالبات کا جائزہ لینے ریاستی حکومت کے تیقن کے بعد فیصلہ
حیدرآباد 7 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں لاری مالکین نے آج اپنی ایک ہفتہ سے جاری ہڑتال ختم کردی جبکہ ریاستی حکومت نے ان کے مطالبات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے ۔ لاری اونر کا آج شام ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیند رریڈی کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت نے انہیں تیقن دیا کہ جو مطالبات ریاستی حکومت کے دائرہ کار میں آتے ہیں ان کا جائزہ لیا جائیگا ۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ تاہم ٹرک مالکین بین ریاستی خدمات انجام نہیں دینگے ۔ ساؤتھ انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن کی اپیل پر لاری اونرس اسوسی ایشن تلنگانہ کے ارکان اپنے مطالبات کی تائید میں30 مارچ سے ہڑؒال کر رہے تھے ۔ اس ہڑتال کی وجہ سے ریاست میں اشیا کی منتقلی وغیرہ ٹھپ ہوکر رہ گئی تھی ۔ ساؤتھ انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ تھرڈ پارٹی انشورنس کے پریمیم میں اضافہ سے دستبرداری اختیار کی جائے اور ٹول فیس اور چالان ( جرمانہ ) میں اضافہ سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ اسوسی ایشن کے دیگر مطالبات میں ڈیزل پر ویاٹ میں کمی اور 15 سال پرانی گاڑیوں کا استعمال بند کردینے کی تجویز سے دستبرداری بھی شامل ہے ۔ علاوہ ازیں لوکل لاری اونرس تلنگانہ اسوسی ایشن کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے واحد پرمٹ سسٹم رائج کیا جائے ۔ پرنسپل سکریٹری ( ٹرانسپورٹ ) سنیل شرما نے بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ ملاقات اور ان کے مطالبات کا جائزہ لینے کے تیقن کے بعد لاری اونرس نے تلنگانہ میں اپنی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ دوسری ریاستوں میں خدمات انجام نہیں دینگے ۔

TOPPOPULARRECENT