Saturday , December 15 2018

تلنگانہ میں مختلف جماعتوں کی مہم نقطہ عروج پر پہنچ گئی

وزیراعظم مودی کا کل دورہ نظام آباد و محبوب نگر ، راہول گاندھی اور چندرا بابو کی چہارشنبہ اور جمعرات کو مشترکہ مہم
حیدرآباد۔ 25 نومبر (سیاست نیوز ؍ پی ٹی آئی) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے جاری مہم اس ہفتہ عروج پر پہونچ جائے گی جب وزیراعظم نریندر مودی کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور چند دیگر سیاسی قائدین اس ریاست کے مختلف مقامات پر ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے کہا کہ وزیراعظم مودی 27 نومبر کو نظام آباد اور محبوب نگر میں بی جے پی کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ 7 ڈسمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل مودی 3 ڈسمبر کو حیدرآباد کے لال بہادر اسٹیڈیم پر بھی ایک بڑی ریالی سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ اتوار کو انتخابی مہم میں حصہ لے چکے ہیں۔ وہ 28 نومبر او 2 ڈسمبر کو ریاست کا انتخابی دورہ کریں گے۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی کے مطابق راہول گاندھی 29 نومبر کو حیدرآباد کے قریب چیوڑلہ اور پرگی میں روڈ شو میں حصہ لیں گے۔ کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے 23 نومبر کو شہر کے مضافاتی علاقہ میڑچل میں اپنی والدہ اور یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کے ساتھ ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ تلگو دیشم پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو راؤلہ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی کے صدر اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اپنے انتخابی دورہ کو قطعیت دے رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ 28 اور 29 نومبر کو کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے ساتھ عظیم اتحاد کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ بی جے پی تنہا مقابلہ کررہی ہے۔ کانگریس عظیم اتحا کی قیادت کررہی ہے۔ جس میں تلگو دیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی (ٹی جے ایس) شامل ہیں۔ راہول گاندھی اور چندرا بابو مشترکہ طور پر عظیم اتحاد کے امیدواروں کی مہم چلائیں گے۔ ٹی جے ایس کے صدر کودنڈا رام اپنی پارٹی کی مہم چلانے والے واحد اہم قائد ہیں۔ کانگریس کے مرکزی قائدین کے علاوہ صدر پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی ، کے جانا ریڈی، اے ریونت ریڈی، محمد علی شبیر، ڈی کے ارونا، پونم پربھاکر اور دیگر مہم میں مصروف ہیں۔ حکمران ٹی آرایس کے صدر اور نگران کار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بحیثیت اسٹار کمپینر ریاست کے طوفانی دورے اور ریالیوں سے خطاب کررہے ہیں۔

ان کے بیٹے کے ٹی راما راؤ جو نگران کار حکومت میں وزیر بھی ہیں، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) علاقہ میں اپنی پارٹی کی مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے بھانجہ ٹی ہریش راؤ اضلاع میں مہم چلا رہے ہیں۔ کے سی آر کی دختر اور پارلیمنٹ کی رکن کے کویتا بھی ریالیوں سے خطاب اور عوام سے ملاقات کے ذریعہ اپنی پارٹی کی مہم میں مصروف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT