Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں مفت ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز

تلنگانہ میں مفت ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز

معیار کے معاملہ میں سمجھوتہ نہیں کیا گیا : حکومت ‘ کئی مقامات پر ساڑیاں نذرآتش

حیدرآباد ۔ 18ستمبر ( پی ٹی آئی / سیاست نیوز) بتکماں تہوار کے موقع پر تلنگانہ بھر میں ایک کروڑ سے زائد مفت ساڑیوں کی تقسیم شروع ہوگئی ہے ۔حکومت تلنگانہ نے کہا کہ 1.04کروڑ ساڑیاں سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والی خواتین میں مفت تقسیم کی جائیں گی اور اس اسکیم پر 222کروڑ کے مصارف آرہے ہیں ۔ تاہم ساڑیوں کی تقسیم کے سلسلہ میں تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے اور بعض گوشوں سے غیر معیاری ساڑیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں نذرآتش کیا گیا ۔ وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست میں 8ہزار سے زائد مراکز پر تقریباً 1.04کروڑ ساڑیوں کی تقسیم کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دن تقریباً 25لاکھ ساڑیاں تقسیم کی گئی ۔ اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع جگتیال کے چھلگل میں ساڑیوں کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کے پس پردہ کانگریس قائدین ملوث ہیں ۔ انہوں نے ساڑیاں نذرآتش کرنے کو نچلی سطح کی سیاست قرار دیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے قبل ازیں کہا تھا کہ بتکماں تہوار کے موقع پر تمام غریب خواتین کو جن کی عمر 18سال سے زیادہ ہو بلالحاظ ذات پات و مذہب ساڑیاں بطور تحفہ دی جائیں گی ۔ ریاست کے 31اضلاع میں ضلع کلکٹرس ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ کمشنر ٹکسٹائلس شلیجا رما ایئر نے آج میڈیا کو بتایا کہ سرسلہ کے بنکروں نے 50لاکھ سے زائد ساڑیاں تیار کی ہیں ۔ مابقی ساڑیاں کھلے مسابقتی ٹنڈر کے ذریعہ سورت سے حاصل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ساڑیوں کے 500سے زائد ڈیزائنس ہیں ۔ پالیسٹر ساڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں اور بعض گوشوں سے کاٹن ساڑیوں کی تجویز بھی ملی ہے اور ہم اس بارے میں کھلا ذہن رکھتے ہیں ۔ بعض مقامات پر غیر معیاری ساڑیوں کی شکایات کے سلسلہ میں شلیجا رما ایئر اور پرنسپال سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن نے کہا کہ ساڑیوں کے معیار کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ان الزامات کے بارے میں کہ 50روپئے قیمت کی ساڑی تقسیم کی جارہی ‘ انہوں نے کہا کہ سرسلہ ساڑی کی قیمت فی کس 224روپئے اور سورت ساڑی کی قیمت فی کس 200روپئے ہے ۔

TOPPOPULARRECENT