Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے عنقریب کمیٹی کی تشکیل

تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے عنقریب کمیٹی کی تشکیل

ریونیو عہدیداروں کو رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت، چیف سکریٹری
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کی متعلقہ ریونیو عہدیداروں کو چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے ضروری ہدایات دی ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ نئے اضلاع کی تشکیل کا جائزہ لے کر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور یہ کمیٹی توقع ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اپنے دورہ چین سے واپسی کے فوری بعد قطعیت پائے گی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی چین کے دورہ سے واپسی کے فوری بعد چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما، چیف منسٹر سے کمیٹی کے ارکان کے ناموں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور چیف منسٹر کی جانب سے ناموں کی منظوری حاصل کرکے چیف سکریٹری باقاعدہ طور پر کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے احکامات جاری کریں گے۔ اسی ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے ابتدائی عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور ابتدائی عمل کی تکمیل کے لئے متعلقہ عہدیداران مصروف ہیں۔ درحقیقت تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے قانون نئے اضلاع کی تشکیل 1974 ء کے مطابق اضلاع کی تشکیل جدید کرنے کے لئے جاریہ ماہ 2 ستمبر کو منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کیوں کہ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران، انتخابات کے موقع پر ریاست میں عوام تک نظم و نسق پہونچانے کے لئے نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لانے کا ریاست تلنگانہ کے عوام کو تیقن دیا تھا اور اس تیقن اور وعدے کی روشنی میں ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنے وعدوں و تیقن کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی کابینہ کے فیصلہ کی روشنی میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ دورہ چین پر روانگی سے قبل کابینہ میں منظور کردہ فائیل پر دستخط کئے اور چیف منسٹر کی دستخط کے فوری بعد مذکورہ فائیل محکمہ ریونیو کو روانہ کردی گئی تاکہ عملی طور پر ابتدائی کاموں کا آغاز کیا جاسکے۔ قانون 1974 ء نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق قواعد و ضوابط مرتب کئے جارہے ہیں۔ مجوزہ تشکیل دی جانے والی جائزہ کمیٹی چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کی قیادت میں تشکیل دی جائے گی اور اس کمیٹی میں پرنسپال سکریٹری محکمہ ریونیو کے علاوہ مزید چار اعلیٰ عہدیداران شامل رہیں گے۔ نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لانے کے لئے تقرر کی جانے والی کمیٹی میں شامل رکھے جانے والے ناموں کو قطعیت دینے سے متعلق فائیل محکمہ ریونیو کی جانب سے حکومت کو روانہ کردی گئی ہے اور اس طرح یہ فائیل چیف منسٹر کے دورہ چین سے واپسی کے فوری بعد چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما چیف منسٹر کو پیش کرکے ضروری تبادلہ خیال کے ذریعہ مجوزہ کمیٹی  کو قطعیت دینے کے امکانات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT