Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت

تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت

30 جون تک عوامی نمائندوں سے مشاورت، آئندہ ماہ کل جماعتی اجلاس، اگسٹ میں نئے اضلاع کا اعلان
حیدرآباد۔/21جون، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو رما نے ریاست میں نئے اضلاع کی تشکیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قطعیت دیئے گئے شیڈول ( پروگرام ) پر عملی اقدامات کرنے کی تمام ضلع کلکٹروں سخت ہدایات دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے قطعیت دیئے گئے شیڈول کے مطابق ہر ڈسٹرکٹ کلکٹر اپنے ضلع سے تعلق رکھنے وال ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ عوامی منتخبہ نمائندوں سے 30 جون تک رائے عامہ حاصل کرلینا چاہیئے۔ 5جولائی کو حیدرآباد میں تمام ضلع کلکٹروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ 10جولائی یا 11جولائی کو حکومت کی جانب سے کل جماعتی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جائے اور 4اگسٹ تا 10اگسٹ کے دوران نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق مسودہ اعلامیہ کی تیاری اور اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹروں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ نئے اضلاع سے متعلق اعلامیہ کی اجرائی کے اندرون ایک ماہ عوامی رائے حاصل کی جانی چاہیئے اور عوام سے حاصل ہونے والی یادداشتیں، اعتراضات پر مبنی ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے پرنسپال سکریٹری محکمہ ریونیو اور چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کو پیش کی جانی چاہیئے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تمام ضلع کلکٹروں نے ریاست کے موجودہ دس اضلاع کی تعداد میں اضافہ کرکے مزید 16 نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لانے سے متعلق اپنی جامع تجاویز پیش چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کو پیش کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹروں کی پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں اضلاع رنگاریڈی، ورنگل، محبوب نگر، کریم نگر، میدک اور نلگنڈہ میں مزید دو نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی اور حیدرآباد، کھمم ، نظام آباد و عادل آباد میں ایک ایک نیا ضلع بنائے جانے کے تعلق سے ضلع کلکٹروں نے سفارش کی ہے۔ اس طرح موجودہ ضلع عادل آباد میں ایک اور نیا ضلع منچریال تشکیل دیا جائے گا۔ اسی طرح ضلع میدک میں دو نئے اضلاع سنگاریڈی اور سدی پیٹ ، ضلع رنگاریڈی میں وقارآباد، رنگاریڈی جنوبی اور ضلع رنگاریڈی مشرقی۔ حیدرآباد میں ایک اور نیا ضلع سکندرآباد، ورنگل میں دو نئے اضلاع محبوب آباد اور بھوپالا پلی، ضلع محبوب نگر میں دو نئے اضلاع ناگرکرنول اور ونپرتی، ضلع کریم نگر میں دو نئے اضلاع جگتیال اور سرسلہ، ضلع کھمم میں ایک اور نیا ضلع کتہ گوڑم (بھدرادری) ضلع نظام آباد میں ایک اور نیا ضلع کاماریڈی اور ضلع نلگنڈہ میں دو نئے اضلاع سریا پیٹ اور یادگیر گٹہ ( یادادری ) تشکیل دیئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT