Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ٹی آر ایس ناقابل تسخیر موقف میں ‘ کویتا کا ادعا

تلنگانہ میں ٹی آر ایس ناقابل تسخیر موقف میں ‘ کویتا کا ادعا

حیدرآباد۔/25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ میں ناقابل تسخیر موقف میں ہے اور کوئی بھی طاقت اسے کمزور نہیں کرسکتی۔ کویتا نے کریم نگر کے مختلف اپوزیشن قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوامی بھلائی اور ریاست کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس سے متاثر ہوکر دیگر جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ اپوزیشن لاکھ الزام تراشی کرلے لیکن اسے عوامی تائید ہرگز حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کانگریس قائدین کو مخالفت کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرتے ہوئے عوامی بھلائی میں خود کو حصہ دار بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کی مقبولیت میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکومت کی کارکردگی کے بارے میں جتنے بھی سروے کئے گئے تھے وہ تمام ٹی آر ایس کے حق میں رہے اور یہ سروے عوامی رائے اور ان کے رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT