Monday , April 23 2018
Home / Top Stories / تلنگانہ میں ٹی آر ایس کاصفایا، کانگریس کی تاریخی کامیابی یقینی

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کاصفایا، کانگریس کی تاریخی کامیابی یقینی

اتم کمار ریڈی کی بس یاترا اور جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد شریک، تلنگانہ ووٹر تبدیلی کا خواہاں

حیدرآباد۔/4اپریل، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آئندہ انتخابات میں کانگریس کی تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے کی پیش قیاسی کی اور پولیس کو انتباہ دیا کہ وہ دباؤ میں کام نہ کرے ۔ دوسرے مرحلے کی پرجا چیتنیہ بس یاترا کے دوران پالکورتی ضلع ورنگل میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی بس یاترا کو عوام نے کامیاب بنایا ہے۔ کانگریس کے جلسوں میں عوام کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست میں جب انتخابات ہوں گے یکطرفہ ہوں گے اور کانگریس پارٹی تاریخ ساز اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دے گی ۔ پولیس کی جانب سے کانگریس کی گاڑیوں کو جگہ جگہ پر روکنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں سروں کا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ ریاست کے عوام ٹی آر ایس حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ کانگریس پارٹی تیزی سے متبادل بن کر ابھر رہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پولیس کو انتباہ دیا کہ وہ دباؤ میں ہرگز کام نہ کرے۔ قانون اور قاعدہ کے تحت اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائے ورنہ کانگریس حکومت میں کانگریس قائدین اور کارکنوں سے ناانصافی کرنے والے پولیس ملازمین کو سنگین صورتحال سے دوچار ہونا پڑیگا۔ حکومت مستقل نہیں ہوتی آج ٹی آر ایس برسر اقتدار ہے تو آئندہ کانگریس حکومت تشکیل دے گی۔ اتم کمارریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا ہے، ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے تھے وہ چار سال میں بھی پورے نہیں کئے گئے۔ سماج کا ہر طبقہ ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہوچکا ہے۔ چار سال تک سوتے رہنے والے کے سی آر نے نیند سے بیدار ہوکر حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے تھرڈ فرنٹ کا شوشہ چھوڑا ہے اور عوام کیلئے مزید چند نئے وعدے کرتے ہوئے انہیں دوبارہ دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر بھروسہ نہ کرنے کی انہوں نے عوام سے اپیل کی ۔ کانگریس کو اقتدار سونپنے پر سماج کے تمام طبقات کسان اور خواتین کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کا وعدہ کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کی بس یاترا سے حکومت کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، بس یاترا ناکام ہونے کا دعویٰ کرنے والے ٹی آر ایس قائدین کیلئے جلسوں میں عوام کی بھاری تعداد میں شرکت منہ توڑ جواب ہے۔(سلسلہ صفحہ 7 پر )

TOPPOPULARRECENT