Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ’’تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا کانگریس سے بدتر حشر ہوگا ‘‘

’’تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا کانگریس سے بدتر حشر ہوگا ‘‘

ریاستی حکومتوں نے تلنگانہ کی تاریخ فراموش کردی ، بی جے پی آفس میں یوم جشن آزادی تلنگانہ
حیدرآباد ۔17ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی بی جے پی نے سابق میں برسراقتدار جماعتوں کے حکمرانوں اور ریاستی حکومتوں پر تلنگانہ کی تاریخ کو فراموش کردینے ( نظرانداز کردینے) کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آج چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت بھی اسی راہ پر گامزن ہے جس کی روشنی میں ریاست تلنگانہ میں کانگریس کا جو حشر ہوا ہے ‘ اس سے کہیں زیادہ بدتر حشر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا ہوگا ۔ آج یہاں نمائش میدان کے روبرو واقع ریاستی بی جے پی آفس میں یوم آزادی تلنگانہ کی جشن ( ویموچنا ڈے ) تقریب کے موقع پر قومی پرچم کشائی انجام دینے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے مذکورہ بات کہی ۔ اس تقریب میں بی جے پی کے سینئر قائدین مسٹر بنڈارو دتاتریہ رکن پارلیمان ‘ جی کشن ریڈی رکن اسمبلی ‘ مرلیدھر راؤ ‘ قومی جنرل سکریٹری بی جے پی ‘ سی ایچ سامبا مورتی جنرل سکریٹری ریاستی بی جے پی ‘ رامچندر راؤ ‘ رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر قائدین شریک تھے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے ساتھ ہی تلنگانہ کی تاریخ کو نصابی کتب میں شامل کر کے مستقبل کی نئی نسل کو تلنگانہ کی تاریخ ایک مشعل راہ رہنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ گجرات میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کی جس طرح تنصیب عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ‘ ان ہی خطوط پر شہر حیدرآباد میں تلنگانہ کی آزادی کے دن کی یادگار تعمیر کی جائے گی ۔ صدر تلنگانہ بی جے پی نے کہا کہ تلنگانہ کی آزادی کے دن کو سرکاری طور پر جب تک حکومت منظم نہیں کرے گی بی جے پی تب تک حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی اور بی جے پی قائدین نے بھی اس موقع پر اس سلسلہ میں اپنا عہد کیا ۔ انہوں نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اقتدار حاصل ہونے تک اپنے ایک علحدہ موقف کا اظہار کیا تھا اور آج اقتدار حاصل ہونے کے بعد مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے سابق موقف سے انحراف کیا ۔

TOPPOPULARRECENT