Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو اقتدار کے بعد لوٹ مار

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو اقتدار کے بعد لوٹ مار

کانگریس قائدین کا دورہ میاں پور ، صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین نے میاں پور کا دورہ کرتے ہوئے اراضی اسکام کا معائنہ کیا ۔ تلنگانہ کے وسائل کو لوٹ لینے کا ٹی آر ایس قائدین پر الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ایک انچ سرکاری اراضی پر قبضہ نہ ہونے کا دعویٰ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا اور سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ، قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ، محمد علی شبیر ( کونسل ) ، سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے میاں پور کا دورہ کیا اور مقامی عوام سے تبادلہ خیال کیا بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یہ معاملہ چور چور مل کر گاؤں بانٹ لینے کے مترادف ہوگیا ہے ۔ اس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کے بجائے چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش میں کے سی آر اور ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے آندھرائی حکمرانوں پر تلنگانہ کو لوٹنے کا الزام عائد کیا کرتے تھے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی سرپرستی میں ٹی آر ایس کے قائدین تلنگانہ کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں ۔ کون سے تحقیقاتی ادارے نے ایک انچ اراضی قبضہ نہ ہونے کی چیف منسٹر کو رپورٹ دی ہے ۔ حکمران جماعت کے اہم عہدوں پر فائز رہنے والے قائدین اراضیات پر قبضہ جما رہے ہیں ۔ دامودھر راؤ سے تعلقات ہے یا نہیں چیف منسٹر اس کی وضاحت کریں ۔ چیف منسٹر کے ارکان خاندان کا اراضیات پر قبضہ کرنے والوں سے تعلقات ہیں ۔ پرگتی بھون میں چیف منسٹر کی جانب سے اراضی معاملت میں طلب کردہ خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر کی دختر و ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز کویتا کی موجودگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے چیف منسٹر سے دریافت کیا کہ کویتا کس حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوئی ہیں ۔ 15 ہزار کروڑ روپئے کا اسکام ہوا ہے ۔ کوکٹ پلی کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی کا گولڈ اسٹون انتظامیہ سے معاہدہ ہونے کے بعد ہی ٹی آر ایس میں شامل کیا گیا ۔ ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ایڈیا نائیک کی دختر کے نام پر 4 ایکڑ اراضی گولڈ اسٹون انتظامیہ نے ہی رجسٹریشن کرائی ہے ۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی دختر اور بہو کے نام پر گولڈ اسٹون انتظامیہ نے 38 ایکڑ اراضی رجسٹری کرائی ۔ نمستے تلنگانہ کے ایم ڈی اور گولڈ اسٹون پرساد کے رشتہ پر چیف منسٹر سے وضاحت طلب کی ۔ کوکٹ پلی میں چیف منسٹر کے ارکان خاندان کے نام پر 4 ایکڑ اراضی رجسٹری ہوئی ۔ ان تمام الزامات پر کل راج بھون پہونچکر گورنر کو یادداشت پیش کرنے کا اعلان کیا ۔ محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر سے استفسار کیا کہ ابھی تک کتنے معاملت میں سی آئی ڈی تحقیقات کرائی گئی اور اس کے کتنے نتائج برآمد ہوئے ۔ اندراماں ہاوزنگ ، گینگسٹر نعیم ، ایمسیٹ پرچوں کے افشاں کے علاوہ کئی معاملت کی سی آئی ڈی تحقیقات کرائی گئی لیکن کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ یوٹرن لینے کے معاملے میں چیف منسٹر ماہر ہے ۔ ایک انچ اراضی پر قبضہ نہ ہونے کا کونسے ادارہ نے رپورٹ پیش کی ہے ۔ اس کی تفصیلات پیش کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT