Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا اتوار سے آغاز

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا اتوار سے آغاز

کے سی آر کی تقریر ہائی ٹیک ہوگی ۔ بیک وقت 20 مقامات پر ٹیلی کاسٹ کے انتظامات

کے سی آر کی تقریر ہائی ٹیک ہوگی ۔ بیک وقت 20 مقامات پر ٹیلی کاسٹ کے انتظامات

حیدرآباد /11 اپریل ( سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ 13اپریل سے تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ کے دورہ کے پروگرام کو کل باقاعدہ قطعیت دے دی جائے گی تاہم تمام اضلاع کے قائدین سے دورہ کے سلسلہ میں تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ چندر شیکھر راؤ کی انتخابی مہم ہائی ٹیک انداز میں ہوگی اور ان کی تقریر بیک وقت 20مقامات پر راست ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ایک خانگی ادارہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو ہولوگرافک ٹکنالوجی کے ذریعہ مختلف مقامات پر بیک وقت تقاریر کو ٹیلی کاسٹ کرتا ہے۔ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے بھی اسی ادارہ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے گجرات میں مہم چلائی تھی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ انتخابی مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ علاقوں کا احاطہ کرنے کے مقصد سے اس ٹکنالوجی کے استعمال کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کے سی آر نے کل 12اپریل کو پارٹی کے تمام لوک سبھا اور اسمبلی امیدواروں اور ارکان اسمبلی و سینئر قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور چندر شیکھر راؤ کے دورہ کو قطعیت دی جائے گی اور تمام امیدواروں کو ہولوگرافک ٹکنالوجی کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا۔

کے سی آر 13اپریل کو کریم نگر میں جلسہ عام کے ذریعہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اسی دن وہ نظام آباد کے یلا ریڈی میں بھی عام جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ پارٹی کی انتخابی مہم کو دیگر جماعتوں کی مہم سے منفرد رکھنا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 35انتخابی جلسوں سے خطاب کا منصوبہ رکھتے ہیں اور ہر جلسہ 20سے زائد مقامات پر راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ چندر شیکھر راؤ ایک ضلع سے دوسرے ضلع کو پہنچنے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال کریں گے اور کسی بھی ضلع میں روڈ شو اور جلسہ عام کی صورت میں سڑک کے راستے سفر کریں گے۔ تین اسمبلی حلقوں کیلئے ایک جلسہ عام کے انعقاد کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ نئی ٹکنالوجی کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ علاقوں تک چندر شیکھر راؤ کا پیام پہنچے گا اور انہیں دیہی علاقوں تک پہنچنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ پارٹی امیدوار دیہی علاقوں میں مہم چلائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT