Sunday , October 21 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ہاتھوں دستور ہند کا خون

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ہاتھوں دستور ہند کا خون

دلتوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت ، سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار نے تلنگانہ میں دستور ہند کا ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے خون کرنے کا الزام عائد کیا ۔ دلتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میرا کمار نے چیف منسٹر کے سی آر کو دھوکہ باز اور وعدوں سے انحراف کرنے والا قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کردینے کا وعدہ کیا پھر فراموش کردیا ۔ تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت قائد کو بنانے کا وعدہ کیا ۔ اقتدار حاصل ہوتے ہی خود چیف منسٹر بن گئے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے سے دلت قائد راجیا کو برطرف کردیا ۔ دلت رکن اسمبلی سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی گئی اور اس کی کوئی وجوہات اور ثبوت پیش کرنے میں بھی حکومت ناکام ہوگئی ۔ ہائی کورٹ کی پھٹکار ملنے کے باوجود اسپیکر اسمبلی اور ریاستی حکومت نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ تلنگانہ میں اظہار خیال کی آزادی پر بھی امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہ دینے کے لیے دھرنا چوک کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ ریاست میں دلتوں پر حملے کئے گئے ان پر تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی قانون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔ قانون کو مستحکم کرنے میں بی جے پی پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ دستوری فرائض پر عمل کرنے کے بجائے چیف منسٹر من مانی کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلے کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ کے سی آر اور مودی نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے کبھی پورے نہ ہونے والے وعدے کئے اور اقتدار حاصل کرتے ہی ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ۔ دونوں حکومتوں کے خلاف عوام میں برہمی پائی جاتی ہے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس پارٹی ہی عوامی مسائل کو حل کرسکتی ہے اور سماج کے تمام طبقات کے مفادات کا تحفظ کرنے والی کانگریس واحد جماعت ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT