Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں پتنگ بازی پر تحدیدات ممکن

تلنگانہ میں پتنگ بازی پر تحدیدات ممکن

چین کے مانجہ کے استعمال پر امتناع کی سفارش ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /21 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں پتنگ بازی پر تحدیدات عائد ہوسکتی ہیں ۔ چونکہ سرکاری طور پر چین کے مانجہ کے استعمال پرا متناع عائد کرنے کے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ محکمہ جنگلات نے ریاستی حکومت کو اپنی سفارش روانہ کرتے ہوئے چین میں تیار کردہ مانجہ کے استعمال پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ محکمہ جنگلات نے انسانی اور حیوانی زندگی کو لاحق خطرات سے واقف کرواتے ہوئے دیگر ریاستوں اور مرکزی قوانین اور مانجہ کے استعمال کے خطرات کا اپنی سفارش میں حوالہ دیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے فوری اقدامات کی امید ظاہر کی ہے ۔ اس خصوص میں آج جہاں ارنیہ بھون سیف آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ مسٹر پی کے شرما نے کہا کہ چین میں تیار کردہ مانجہ جو چائنیز مانجہ سے مشہور ہے ۔ انسانی اور حیوانی زندگی کیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ اس مانجہ کی تیاری اور اس کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کو بیان کرتے ہوئے پرنسپل چیف کنزرویٹر آفیسر نے کہاکہ مانجہ کانچ اور نائلان سے تیار کیا جاتا ہے ۔ جس کے ا ستعمال سے خطرناک نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزارت نے اس سلسلہ میں تمام ریاستوں کو مکتوب بھی روانہ کردیا ہے ۔ مسٹر بی کے شرما نے بتایا کہ چند ریاستوں میں چائنیز مانجہ پر پابندی عائد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات نے بائیو ڈائیورسٹی بورڈ کی جانب سے بھی سفارش کو منسلک کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی زندگی کے علاوہ حیوانی زندگی کے تحفظ کیلئے محکمہ جنگلات سختی سے اقدامات کرے گا اور اس کے استعمال پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چائنیز مانجہ کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے تعلق سے بڑے پیمانے پر یہ عوامی شعور بیدار کیا جائے گا ۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT