Tuesday , June 26 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں پہلی حکومت کے قیام کی زبردست سرگرمیاں

تلنگانہ میں پہلی حکومت کے قیام کی زبردست سرگرمیاں

کابینہ میں تمام طبقات کو مساوی نمائندگی دینے چندر شیکھر راؤ کوشاں

کابینہ میں تمام طبقات کو مساوی نمائندگی دینے چندر شیکھر راؤ کوشاں

حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ میں پہلی حکومت قائم کرنے کے سلسلہ میں ٹی آر ایس صدر چندر شیکھر راؤ کی قیامگاہ پر زبردست سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔ چندر شیکھر راؤ ایک طرف چیف منسٹر آفس اور اہم محکمہ جات پر عہدیداروں کے تقرر کے سلسلہ میں اپنے مشیروں سے سرگرم مشاورت کررہے ہیں تو دوسری طرف وہ کابینہ کی تشکیل اور اس میں تمام طبقات کو مساوی نمائندگی کو یقینی بنانے کوشاں ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر آفس میں اپنے بااعتماد عہدیداروں کو تعینات کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے بعض ناموں کو قطعیت دی ہے۔ ان عہدیداروں کے ناموں کو ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے رجوع کیا جائے گا تاکہ انہیں موجودہ مقامات سے تبادلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر آفس میں تعینات کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس، انٹلیجنس چیف اور سٹی پولیس کمشنر جیسے اہم عہدوں پر موزوں عہدیداروں کے تقرر کیلئے کے سی آر نے بعض سابق بیورو کریٹس سے مشورہ حاصل کیا ہے۔ کلیدی عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کا کے سی آر کی قیامگاہ پر تانتا بندھا ہوا ہے۔ یہ عہدیدار تشکیل حکومت کیلئے کے سی آر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اہم پوسٹنگ کی درخواست کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے تین آئی اے ایس عہدیداروں نرسمہا راؤ، گوپال ریڈی اور راج شیکھر ریڈی کے نام گورنر کو پیش کئے ہیں جنہیں وہ تلنگانہ حکومت کے اہم عہدوں پر فائز کرنا چاہتے ہیں۔ یہ تینوں عہدیدار فی الوقت دیگر ریاستوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں

جبکہ ان کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے اس تجویز پر مثبت ردعمل کا تیقن دیا ہے۔ تلنگانہ کے 10اضلاع کے کلکٹرس کی تبدیلی کے سلسلہ میں بھی کے سی آر مشاورت میں مصروف ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ بہتر کارکردگی کے حامل عہدیداروں کو کلکٹر کے عہدہ پر فائز کیا جائے تاکہ سرکاری اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔بتایا جاتا ہے کہ اہم محکمہ جات کے سکریٹریز اور پرنسپل سکریٹریز کے عہدوں پر کے سی آر ایسے عہدیداروں کو فائز کرنے کے حق میں ہیں جن کی سرویس کی کافی مدت باقی ہو، ایسے عہدیدار جو بہت جلد وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ہیں انہیں اہم عہدوں کیلئے غور نہیں کیا جائے گا۔ برقی، ریونیو، ٹرانسپورٹ، زراعت، فینانس، میونسپل اڈمنسٹریشن، شہری ترقی، عمارات و شوارع، سماجی بھلائی اور اقلیتی بہبود جیسے اہم محکمہ جات کیلئے مختلف عہدیداروں کے نام زیر غور ہیں اور چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد وہ بڑے پیمانے پر تقررات کا عمل شروع کرسکتے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کیلئے سیناریٹی کے اعتبار سے تین آئی پی ایس عہدیدار مستحق قرار پاتے ہیں جو فی الوقت ڈائرکٹر جنرل پولیس کے زمرے میں ہیں ان میں ایس اے ھدیٰ، ارونا بہوگنا اور اے کے خاں شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اے کے خاں جو فی الوقت ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن کے عہدہ پر فائز ہیں، انہوں نے حکومت کو تلنگانہ میں خدمات انجام دینے کا پیشکش کیا ہے۔ اگرچہ ان کا تعلق تلنگانہ سے نہیں لیکن انہوں نے آپشن کے طور پر تلنگانہ کو ترجیح دی۔

TOPPOPULARRECENT