Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں کسانوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات، عوام میں خوشحالی

تلنگانہ میں کسانوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات، عوام میں خوشحالی

حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کا حال اس شیر کی طرح ہے جو 100 گائے کھانے کے بعد گائے کی پوجا کرے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ کانگریس کے 60 سالہ دور حکومت میں صرف 3 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا گیا تھا۔ ٹی آر ایس برسراقتدار آنے کے بعد کسانوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے گئے اور ان کی زندگیوں میں خوشحالی لائی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مقررہ مدت میں آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے اقدامات کررہے ہیں۔ سری رام ساگر پراجکٹ کی تقریب میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کے ذریعہ چیف منسٹر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں عوام کی شرکت سے کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور الزام تراشی پر اُتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں سری رام ساگر پراجکٹ کا گہرا تعلق ہے۔ سری رام ساگر سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے تحریک کی تائید کی اور چیف منسٹر نے انہیں پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعہ پانی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی ری ڈیزائننگ کا کام چیف منسٹر نے ایک انجینئر کی حیثیت سے کرتے ہوئے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ کے پربھاکر نے کہا کہ حکومت پانی کے ہر قطرہ کو استعمال کرنا چاہتی یہی وجہ ہے کہ آبپاشی پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 60 سالہ دور حکومت میں کسانوں کو نظرانداز کرنے والے کانگریس قائدین آج کسانوں کیلئے مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق میں کانگریس قائدین نے جو غلطیاں کی ہیں اس کے لئے عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔انہوں نے کہا کہ سری رام ساگر کی تقریب میں لاکھوں افراد کی شرکت سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ عوام چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں۔ کانگریس قائدین نے اپنے اقتدار کے دوران کبھی بھی عوامی بھلائی کی فکر نہیں کی بلکہ ہمیشہ اپنی جیبیں بھرتے رہے۔ اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا ریکارڈ قائم کرچکی ہے کانگریس قائدین ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT