Tuesday , October 23 2018
Home / Top Stories / تلنگانہ میں 2 جون تک مانسون کی آمد

تلنگانہ میں 2 جون تک مانسون کی آمد

10 جون تک پوری ریاست میں سرگرم ہوجائے گا ، محکمہ موسمیات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( رتنا چوٹرانی ) : جنوب مغربی مانسون 2 جون تک تلنگانہ میں پہونچ جائے گا اور 10 جون تک یہ مانسون ساری ریاست میں سرگرم ہوجائے گا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ اس سال مانسون کے دوران جون تا ستمبر چار ماہ کے دوران 730 ملی میٹر بارش کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے دوران متواتر طور پر طوفان باد و باراں ژالہ باری کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا ۔ 42 تا 44 ڈگری سلسیس تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا جائے گا اور یہ 45 ڈگری تک بھی پہونچنے کا امکان ہے ۔ قبل ازیں بھی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ عالمی حدت کی وجہ سے گرمائی مدت کم ہوگی اور بارش میں شدت پیدا ہوگی ۔ اس سال گرما کی صورتحال طویل مدت تک برقرار نہیں رہے گی ۔ ماحولیات کی تبدیلی کی وجہ سے شدید گرمی پیدا ہوئی اسی وجہ سے ژالہ باری ، گرچ چمک کے ساتھ بارش ، گرد کا طوفان آنے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ اس سال اندھی طوفان باد و باراں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے ۔ مانسون کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سال 29 مئی تک مانسون کیرالا سے ٹکرا جائے گا ۔ اور دیگر 5 دن کے دوران مانسون رائلسیما سے ٹکرا جائے گا اور 10 جون تک سارے تلنگانہ میں سرگرم ہوگا ۔ ڈاکٹر ریڈی نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے مارچ میں بھی یہ قیاس آرائی کی تھی کہ اس سال گرمی کی لہر میں اضافہ ہوگا لیکن بعد ازاں اس نے اپنی قیاس آرائی پر نظر ثانی کی کیوں کہ ماحولیات کی تبدیلی سے طوفان باد و باراں کی صورتحال پیدا ہوئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT