Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں 6 کونسل ارکان کے انتخابات کا پرامن اختتام

تلنگانہ میں 6 کونسل ارکان کے انتخابات کا پرامن اختتام

99 فیصد رائے دہی ، /30 ڈسمبر کو رائے شماری ، ریاستی چیف الکٹورل آفیسر بھنورلعل کا بیان

حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے چار اضلاع کھمم ، نلگنڈہ ، محبوب نگر اور رنگاریڈی میں مجالس مقامی کوٹہ کے تحت 6 کونسل ارکان کیلئے آج منعقدہ انتخابات انتہائی پرامن رہے ۔ کہیں سے کسی بھی نوعیت کے ناخوشگوار واقعات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں اور رائے دہی کا اوسط بحیثیت مجموعی 99 فیصد رہا ۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آج منعقدہ رائے دہی کی رائے شماری ووٹوں کی گنتی /30 ڈسمبر کو صبح 8 بجے سے شروع ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ آج ہوئی رائے دہی کے بعد بیالٹ باکس مسلح سکیورٹی پولیس فورسیس کی سخت نگرانی میں ضلع مستقروں پر محفوظ کردیئے گئے ہیں ۔ مسٹر بھنور لعل نے رائے دہی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع رنگاریڈی میں دو کونسل ارکان نشستوں کیلئے جملہ 5 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ ان پانچ امیدواروں میں مسرس ڈاکٹر اے چندر شیکھر (کانگریس) ، پی نریندر ریڈی (ٹی آر ایس) ، پی وینو گوپال (تلگودیشم پارٹی) ، ایس راجو (ٹی آر ایس) ، کے اشوک (آزاد) شامل ہیں ۔ ضلع محبوب نگر میں دو کونسل ارکان نشستوں کیلئے (5) امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ جن میں مسرس ایس جگدیشور ریڈی (ٹی آر ایس) ، کے دیاکر ریڈی (تلگودیشم) ، کے دامودرریڈی (کانگریس) ، کے نارائین ریڈی (ٹی آر ایس) ، جگدیشور ریڈی (آزاد) شامل ہیں ۔ ضلع نلگنڈہ میں ایک کونسل رکن نشست کیلئے جملہ چار امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ جن میں مسرس کے راجگوپال ریڈی (کانگریس) ، ٹی چنپا ریڈی (ٹی آر ایس) ، ایم پرشوتم ریڈی (آزاد) اور ایس ملیش گوڑ (آزاد) شامل ہیں ۔ اسی طرح ضلع کھمم میں ایک کونسل رکن نشست کیلئے  (5) امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ جن میں مسرس پی ناگیشور راؤ ( سی پی آئی) ، پی لکشمی نارائینا (ٹی آر ایس) ، ایل کمل راجو ، (وائی ایس آر سی پی) ، کے لکشمی نارائینا (آزاد) اور جی لکشمی نارائینا آزاد شامل ہیں ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ ضلع رنگاریڈی میں پانچ پولنگ بوتھس ، ضلع محبوب نگر میں (5) پولنگ بوتھس ضلع نلگنڈہ میں (5) پولنگ بوتھس اور ضلع کھمم میں (4) پولنگ بوتھس قائم کئے گئے تھے اور ان تمام پولنگ بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رنگاریڈی میں جملہ (771) ووٹوں کے منجملہ (769) ووٹ ڈالے گئے ۔ اس طرح رائے دہی کا اوسط ضلع رنگاریڈی میں (99.74) فیصد رہا ۔ ضلع محبوب نگر میں جملہ (1260) ووٹوں کے منجملہ (1256) ووٹ ڈالے گئے ۔ اس طرح رائے دہی کا اوسط ضلع محبوب نگر میں (99.70) فیصد رہا ۔ ضلع نلگنڈہ میں جملہ (1110) ووٹوں کے منجملہ (1100) ووٹ ڈالے گئے ۔ اس طرح رائے دہی کا اوسط ضلع نلگنڈہ میں (99.10) فیصد رہا ۔ اس کے علاوہ ضلع کھمم میں جملہ (726) ووٹوں کے منجملہ (692) ووٹ ڈالے گئے ۔ اس طرح رائے دہی کا اوسط ضلع کھمم میں (95.32) فیصد رہا ۔ مسٹر بھنور لعل نے بتایا کہ اس طرح چار اضلاع میں جملہ (46) ووٹ نہیں ڈالے گئے ۔ جبکہ بائیں بازو جماعتوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT