Friday , August 17 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ سے آن لائن میاریج سرٹیفیکٹس

تلنگانہ وقف بورڈ سے آن لائن میاریج سرٹیفیکٹس

دنیا کے کسی بھی مقام سے استفادہ کی سہولت ، الحاج محمد سلیم چیرمین بورڈ کا بیان
حیدرآباد۔21۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ سے میریج سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے اب عوام کو حج ہاؤز پہنچنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وقف بورڈ نے آن لائین سسٹم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت دنیا کے کسی بھی حصہ سے آن لائین میریج سرٹیفکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 24 فروری کو بورڈ کے اجلاس میں اس نئے آن لائین سسٹم کا مظاہرہ کیا جائے گا جس کے بعد آغاز کی تاریخ طئے کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ آن لائین میریج اور دیگر سرٹیفکٹس کی اجرائی کیلئے کمپیوٹر ماہرین نے ویب سائیٹ تیار کی ہے اور یہ تمام نقائص سے پاک ہے۔ سرٹیفکٹ کیلئے حج ہاؤز پہنچنے کی ضرورت نہیں۔ عوام اب حج ہاؤز میں طویل قطار میں ٹھہرنے اور سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ دنیا کے کسی بھی حصہ سے درکار شرائط کی تکمیل اور اسنادات کی نقل اپ لوڈ کرتے ہوئے سرٹیفکٹ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائین فیس داخل کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ وقف بورڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی شعبہ کو انفارمیشن ٹکنالوجی سے جوڑ دیا گیا ہے۔ شعبہ قضاۃ کو انفارمیشن ٹکنالوجی سے مربوط کرتے ہوئے عوام کی دشواریوں میں کمی کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائین سرٹیفکٹ اجرائی سسٹم پر ماہر ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین سسٹم کے باوجود حج ہاؤز میں بھی روزانہ سرٹیفکٹ کی اجرائی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ قضاۃ سیکشن کو مزید عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے گراؤنڈ فلور منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضیوں کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں مساعی کی جائے گی۔ نکاح کی فیس اور دیگر امور کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو مداخلت کا حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے دن بورڈ کے اجلاس میں تمام شعبہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT