Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ میں ہنگامہ آرائی ، سی ای او اور انسپکٹر آڈیٹر پر حملہ کی کوشش

تلنگانہ وقف بورڈ میں ہنگامہ آرائی ، سی ای او اور انسپکٹر آڈیٹر پر حملہ کی کوشش

عاشور خانہ کی نمائندگی کرنے والوں کی بورڈ عہدیداروں کے ساتھ بحث و تکرار ، پولیس عابڈس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں آج اس وقت ہنگامہ آرائی اور کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا جب شہر کے ایک عاشور خانہ کے مسئلہ پر نمائندگی کیلئے آنے والے افراد کی وقف بورڈ کے عہدیداروں سے بحث و تکرار ہوگئی ۔ ایک مرحلہ پر دونوں کے درمیان دھکم پیل اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور ایک انسپکٹر آڈیٹر پر حملے کی کوشش کی گئی ۔ تاہم صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور دیگر افراد نے مداخلت کرتے ہوئے تصادم کو ٹال دیا۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کا یہ وفد بیگم بازار میں ملتان پورہ میں واقع عاشور خانہ کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ انہوں نے عاشور خانہ میں علم ایستادہ کرنے میں وقف بورڈ حکام کے تساہل کا الزام عائد کیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے وفد کو بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی انسپکٹر آڈیٹر کے ذریعہ علم ایستادہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ علاقہ انتہائی حساس ہے اور فوری طور پر کسی کارروائی کی صورت میں مقامی افراد کو اعتراض ہوسکتا ہے۔ اس مسئلہ پر بحث و تکرار نے ماحول کو بگاڑدیا اور نمائندگی کیلئے آئے افراد چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی طرف بڑھنے لگے اور دھکم پیل ہوئی ۔ اس موقع پر بورڈ کے ارکان مولانا اکبر نظام الدین ، ملک معتصم خاں ، ذاکر حسین جاوید اور مرزا انور بیگ موجود تھے جنہوں نے برہم افراد کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن صورتحال مسلسل خراب ہورہی تھی ۔ آخر کار صدرنشین وقف بورڈ نے نمائندگی کیلئے آئے افراد کو تیقن دیتے ہوئے روانہ کردیا ۔ اسی دوران چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی شکایت پر پولیس کی ٹیم حج ہاؤز پہنچ گئی اور انہوں نے بی جے پی کے اقلیتی قائدین کو حج ہاؤز کے باہر منتقل کیا۔ ایک مرحلہ پر بی جے پی قائدین انسپکٹر آڈیٹر پر برہم ہوگئے لیکن بورڈ کے دیگر ملازمین نے مداخلت کی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے اپنے سیل فون سے اس واقعہ کی ریکارڈنگ کرلی اور پولیس عابڈس میں شکایت درج کی گئی ۔ نمائندگی کیلئے آنے والے افراد نے سی ای او اور انسپکٹر وقف کے خلاف جوابی شکایت درج کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بیگم بازار میں عاشور خانہ کے سلسلہ میں طویل عرصہ سے تنازعہ جاری ہے اور مقامی افراد نے عاشور خانہ کے خلاف شکایت درج کی ہے اور یہ معاملہ اس سے قبل بھی پولیس تک پہنچ چکا ہے ۔ گزشتہ سال وقف بورڈ نے کافی مشکلوں سے اس عاشور خانہ میں علم ایستادہ کئے تھے۔ جاریہ سال بھی انسپکٹر آڈیٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام انتظامات کی تکمیل کرتے ہوئے عاشور خانہ میں علم ایستادہ کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے عاشور خانوں کے مسئلہ پر وقف بورڈ میں کشیدہ ماحول ہے اور نمائندگی کرنے والے افراد کی بورڈ کے عہدیداروں سے بحث و تکرار دیکھی جارہی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے تمام عاشور خانوں کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ اس واقعہ کے بعد کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی ٹیم شام تک حج ہاؤز میں موجود رہی۔

TOPPOPULARRECENT