Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ کا آج اجلاس ، کئی اہم امور پر فیصلوں کا امکان

تلنگانہ وقف بورڈ کا آج اجلاس ، کئی اہم امور پر فیصلوں کا امکان

اوقافی جائیدادوں کی ترقی ، نبی خانہ مولوی اکبر کے کرایہ جات میں اضافہ ، نئے کرایہ ناموں کو قطعیت
حیدرآباد۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس کل 10 مارچ ہفتہ کو منعقد ہوگا۔ صدرنشین محمد سلیم کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں کئی اہم امور پر فیصلوں کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نبی خانہ مولوی اکبر اور مکہ مدینہ علا الدین وقف پتھر گٹی کی ملگیات کے سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں ڈیولپمنٹ سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات کو منظوری دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں نبی خانہ مولوی اکبر کے کرایہ جات میں اضافہ اور نئے کرایہ ناموں کو قطعیت دینے فیصلہ کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے صدرنشین کی ہدایت پر نبی خانہ کی تمام 300 ملگیات کی جانچ کا کام مکمل کرلیا ہے۔ جانچ کے دوران کئی بے قاعدگیاں پائی گئیں اور سابقہ اور موجودہ عہدیداروں کی کرایہ داروں کی ملی بھگت کا بھی انکشاف ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شخص کے قبضے میں 100 سے زائد ملگیات ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ملگیات بے نامی طور پر لیز کردی گئی ہیں۔ ملگیات کی پیمائش کے دوران بھی دھاندلیوں کا پتہ چلا۔ ملگی تو ایک ہے لیکن اس کا رقبہ تین ملگیوں کے برابر ہے۔ یا پھر ایک ملگی میں کئی حصہ کرتے ہوئے بھاری کرایہ حاصل کیا جارہا ہے۔ وقف بورڈ کو 1000 تا 1200 کریہ ادا کرتے ہوئے ہزاروں روپئے درمیانی افراد حاصل کررہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے موجودہ کرایہ داروں کے ساتھ کرایہ نامہ طے کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ ملگیات کے مالکین اپنی تجارت کا کمرشیل ٹیکس بھی ادا کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ برقی چوری اور دیگر دھاندلیوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ نبی خانہ مولوی اکبر کے معاملات درست کرنے کے بعد مکہ مدینہ علا الدین وقف کی ملگیات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ گزشتہ اجلاس کے زیر التوا ایجنڈے کی تکمیل کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT