Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین حج کی کل قرعہ اندازی

تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین حج کی کل قرعہ اندازی

دونوں کیلئے علحدہ اوقات مقرر، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان

دونوں کیلئے علحدہ اوقات مقرر، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2015 ء کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 18 مارچ کو حج ہاؤز میں مقرر ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے علحدہ علحدہ قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ تلنگانہ ریاست کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے 11.30 بجے دن قرعہ اندازی مقرر کی گئی ہے جس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے علاوہ عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال دونوں ریاستوں کے عازمین کے انتظامات کرے گی۔ آندھراپردیش میں ابھی تک حج کمیٹی کی عدم تشکیل کے سبب تلنگانہ حج کمیٹی کو زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش کے عازمین کی قرعہ اندازی 18 مارچ کو سہ پہر 3.00 بجے حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگی۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پی رگھو ناتھ ریڈی ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال اور دیگر عہدیدار تقریب میں شرکت کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قرعہ اندازی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور سنٹرل حج کمیٹی کے دفتر ممبئی سے راست طور پر کمپیوٹرائز قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی کو دونوں ریاستوں کے عازمین کی تمام درخواستیں آن لائین داخل کردی گئی ہیں۔ حیدرآباد میں ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے قرعہ اندازی کا بٹن دباتے ہی منتخب عازمین کے کور نمبر اسکرین پر پیش کئے جائیں گے۔ حج ہاؤز کے احاطہ میں قرعہ اندازی کے سلسلہ میں خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عازمین کی سہولت کیلئے بڑے اسکرین لگائے جائیں گے تاکہ وہ اپنے نمبرس بآ سانی ملاحظہ کرسکیں۔ تلنگانہ ریاست سے جملہ 16,963 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں فریش درخواستوں کی تعداد 15456 ہے جبکہ 70 سال سے زائد عمر کے پہلے محفوظ زمرہ میں 643 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے والے عازمین کے محفوظ زمرہ میں 494 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ان دونوں زمرہ جات کے عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب کرلیا جائے گا۔ تلنگانہ سے 34 شیرخوار عازمین کی درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ آندھراپردیش سے جملہ 3840 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں فریش درخواستیں 3618 ہیں جبکہ پہلے محفوظ زمرہ میں 161 اور دوسرے محفوظ زمرہ میں 61 درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ آندھراپردیش سے 34 شیرخوار عازمین کی درخواستیں بھی وصول ہوئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ منتخب عازمین کو پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے 30 اپریل تک داخل کرنے ہوں گے۔ مکمل رقم کا تعین سنٹرل حج کمیٹی جون میں کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT