Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین کی خیریت پر اظہاراطمینان

تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین کی خیریت پر اظہاراطمینان

ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کا انڈین کونسلیٹ جدہ سے ربط
حیدرآباد۔/12ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے مکہ مکرمہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کل شام حرم شریف میں پیش آئے سانحہ کی اطلاع ملتے ہی محمود علی نے انڈین کونسلیٹ جدہ کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ ہندوستانی عازمین حج کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سنٹرل حج کمیٹی کے علاوہ ریاستی حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سے بھی بات چیت کی اور عازمین کی خیریت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے اس سانحہ میں زخمی ہونے والے تین عازمین کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کو زخمیوں کے مکمل علاج تک چوکس رہنا چاہیئے تاکہ وہ صحتیاب ہوکر فریضہ حج کی ادائیگی کے قابل بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج اور قیام مکہ و مدینہ کے دوران عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ خادم الحجاج کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر موقع پر عازمین حج کی مناسب رہنمائی کریں۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر اور رکن اسمبلی عامر شکیل نے حج کمیٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور عازمین حج کی خیریت دریافت کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش شیخ محمد اقبال اور وزیر اقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھو ناتھ ریڈی نے بھی عازمین حج کی خیریت کی اطلاع پر اطمینان کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT