Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھرا میں آئندہ 5 یوم میں شدید بارش کا امکان

تلنگانہ و آندھرا میں آئندہ 5 یوم میں شدید بارش کا امکان

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ۔ وشاکھاپٹنم میں طوفانی بارش کا بھی خطرہ
حیدرآباد۔14جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں آئندہ 5یوم کے دوران شدید بارش کا امکان ہے اور ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میں طوفانی بارش کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ دونوں ریاستوں میں مسلسل شدید بارش کے امکانات کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16جولائی تا 21 جولائی آندھراپردیش میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔بتایاجاتا ہے کہ موسم باراں کے علاوہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سبب وشاکھا پٹنم کے علاقہ میں طوفان بادوباراں کا بھی خطرہ ہے اور ان تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات بھی پائے جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقو ںمیں شدید بارش کے ساتھ طوفان کی بھی پیش قیاسی کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس طوفان کے اثرات ریاست آندھرا پردیش کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع پر بھی دیکھے جائیں گے۔ سائنسدانوںاور ماہرین موسمیات نے بتایا کہ اگلے 48گھنٹوں کے دوران ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب جو صورتحال پیدا ہوگی اس سے طوفان کے خطرات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاست آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع کے میں طوفان کے اثرات کا اثر تلنگانہ کے اضلاع پر بھی دیکھا جائے گا اور مختلف مقامات پر مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع کے ماسواء دیگر اضلاع و ریاست تلنگانہ کے کسانوں کیلئے یہ بارش سود مند ثابت ہوگی اور پیداوار میں بہتری پیدا ہونے کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسم باراں کی بہتر بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود کسانوں کو جتنی درکار ہے اتنی بارش نہ ہونے کی شکایت بھی عام ہوچکی ہیں لیکن آئندہ 5یوم کے دوران ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے سبب کسان راحت کی سانس لیں گے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کئے جانے کے بعد حکومت آندھرا پردیش نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور طوفان کی صورت میں نقصانات کو کم کرنے کے لئے احتیاطی اقدامات کرنے شروع کردیئے ہیں اور ساحلی اضلاع کے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ آئندہ 48گھنٹوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے اس کا جائزہ لیں تاکہ اس طوفان کیا صورتحال سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کیلئے بروقت اقدامات کو ممکن بنایا جا سکے۔

TOPPOPULARRECENT