Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین حج بخیر و عافیت

تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین حج بخیر و عافیت

ہوٹل عمارت میں دونوں ریاستوں کے عازمین مقیم نہیں تھے ، حکومت کو اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کی رپورٹ
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مکہ مکرمہ میں کل پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں حج کمیٹی کے عازمین حج کی خیریت کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عزیزیہ میں کل 11منزلہ عمارت کی آٹھویں منزل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں دو عازمین حج کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ عمارت میں ہندوستانی عازمین حج کی موجودگی اور اسی علاقہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کی عمارتوں کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے تفصیلات حاصل کیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس بارے میں سکریٹری کو رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جس عمارت میں آگ لگی اس عمارت میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین مقیم نہیں ہیں لہذا تمام عازمین حج محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی سے متاثرہ عمارت میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عازمین کے قیام کی اطلاع ہے۔ کونسل جنرل جدہ مبارک اور خادم الحجاج نے اسپیشل آفیسر ایس اے شکور کو بتایا کہ آتشزدگی کے واقعہ میں دونوں ریاستوں کے کسی بھی عازم کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی عمارتیں اسی علاقے میں موجود ہیں لیکن وہاں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ خادم الحجاج نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین 8ذی الحجہ سے شروع ہونے والے حج کی تیاری میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی عازم ناسازی مزاج کے باعث دواخانہ میں شریک نہیں۔ حرم شریف کے سانحہ میں زخمی ایک عازم کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آتشزدگی کے سانحہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کونسل جنرل جدہ اور حج کمیٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی سے کہا کہ وہ عازمین حج کی خیریت کے بارے میں خادم الحجاج اور حج مشن کے عہدیداروں سے مسلسل ربط میں رہیں۔

TOPPOPULARRECENT