Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و ساحلی آندھرا میں گرج چمک و بارش کا امکان

تلنگانہ و ساحلی آندھرا میں گرج چمک و بارش کا امکان

حیدرآباد 2 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور شدید بارش آندھرا پردیش کے سریکا کلم ‘ وجیا نگرم ‘ وشاکھاپٹنم ‘ گنٹور اور پرکاشم اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ یہی صورتحال آئندہ 24 گھنٹوں میںتلنگانہ کے کچھ مقامات پر بھی ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ ‘ رائلسیما اور ساحلی آندھرا کے کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش آئندہ پانچ دن کے دوران ہوسکتی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدرآباد ‘ رنگا ریڈی ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ ناگرکرنول ‘ ورنگل اور جئے شنکر بھوپال پلی اضلاع میں کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 41 ڈگری رائلسیما میں اننت پور کے مقام پر اور تلنگانہ میں عادل آباد کے مقام پر ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں بارش یا گرج چمک شام یا رات کے وقت ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت اعظم ترین 37 ڈگری اور اقل ترین 24 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس دوران حیدرآباد میں بھی بارش اور گرج چمک و تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ 31 مارچ تک شہر میں گرمی کی شدت تھی اور درجہ حرارت 41 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا تھا ۔ تاہم اتوار اور پیر کو بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور وہ 37.7 تک گر گیا تھا ۔ شہر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور موسم بھی خوشگوار ہوگیا ۔

TOPPOPULARRECENT