Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت میں الیکشن لڑنے سے انکار

تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت میں الیکشن لڑنے سے انکار

سابق وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی اتم کمار ریڈی کیخلاف جنگ جاری
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اتم کمار ریڈی کی قیادت میں آئندہ الیکشن لڑنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اتم کمار ریڈی کی قیادت میں الیکشن لڑا گیا تو کانگریس کو 6 اسمبلی حلقوں میں بھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی نے کہا کہ وہ پارٹی سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ اتم کمار ریڈی ہی ہم دونوں بھائیوں کے خلاف پارٹی چھوڑنے کی جھوٹی تشہیر کررہے ہیں لیکن وہ اس سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے۔ پارٹی میں رہ کر اتم کمار ریڈی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے اور انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹانے تک خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لمبے عرصے سے ہائی کمان سے اپیل کررہے ہیکہ انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت دی جائے۔ کم از کم ایک سال انہیں قیادت دے کر نتائج دیکھیں گے اگر نتائج پارٹی کیلئے سودمند ثابت نہیں ہوئے تو انہیں الیکشن سے قبل ہٹا دیں وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ اگر انہیں صدارت نہیں دی جاتی ہے تو کوئی بات نہیں پارٹی ہائی کمان ریاست میں سروے کرائے اور تلنگانہ کیلئے کام کرنے والے کسی بھی قائد کو صدر بنائے 2019ء کا الیکشن اگر اتم کمار ریڈی کی قیادت میں لڑا جاتا ہے تو وہ مقابلہ نہیں کریں گے۔ اپنے ٹرسٹ کے ذریعہ عوامی خدمات کو جاری رکھیں گے اور جب بھی ضرورت محسوس ہوگی دوبارہ سیاست میں سرگرم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو بھی بول رہے ہیں صرف زبان ان کی ہے مگر نظریات پارٹی کارکنوں کے ہیں۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس کرنے یا فنکشن ہال میں اجلاس منعقد کرنے سے کانگریس پارٹی اقتدار میں نہیں آئے گی۔ اس کیلئے پدیاترا کرتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچنا ہوگا اور یہ کام اتم کمار ریڈی کے بس کی بات نہیں ہے اور نہ ہی ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی کامیاب ہوسکتی ہے گذشتہ تین سال کے دوران منعقدہ ضمنی انتخابات اور مختلف کارپوریشنس کے انتخابی نتائج اس کا ثبوت ہے۔ اتم کمار ریڈی سے بہتر پنالہ لکشمیا کی کارکردگی تھی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ ان کی تلنگانہ کے نئے انچارج آر سی کنٹیا سے بات چیت ہوچکی ہے۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی کو آئندہ انتخابات تک پارٹی صدر بنائے رکھنے کا اعلان کرنے کی تردید کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT