Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پولیس کے جدید لوگو کو حکومت کی منظوری

تلنگانہ پولیس کے جدید لوگو کو حکومت کی منظوری

حیدرآباد ۔ 10؍ اگسٹ ( این ایس ایس ) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے جدید تلنگانہ پولیس لوگو کو منظوری دے دی جس کے شولڈر بیاچ پر دیوناگری رسم الخط میں ’ستیمیوا جائیتے‘ درج ہے جس کے بعد انگریزی زبان میں تلنگانہ اسٹیٹ پولیس لکھا گیا ہے اور تین الگ الگ سطور میں ’فریضہ ‘ ’احترام ‘ ‘ ’ صلہ رحمی‘درج ہے ۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس نے یہ لوگو تجویز کیا تھا جس کو حکومت نے منظوری دی ہے ۔ نئے لوگو کی اہم خدوخال میں ایک ڈھال ہے جو تحفظ ‘ قوت ارادی اور ہمت و جرت کی علامت ہے اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے دنیا بھر میں استعمال کی جاتی ہے ۔ اس سے پولیس فورس کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے ۔ لوگو پر قومی نشان بھی ہے جو دراصل اختیار و اتھاریٹی کی علامت ہے ۔ اس پر موجود چار ببر طاقت ‘ جرت ‘ فخر و افتخار اور اعتماد کو اجاگر کرتے ہیں ۔ دیوناگری رسم الخط درج فقرہ ’ستیمیوا جائیتے ‘ ملک ‘ اس کے دستور اور حکومت کے لئے فریضہ کی یاد دلاتا ہے ۔ مزید براں طلائی قومی نشان اس کے تقدس کو مزید مستحکم و دوبالا کر دیتا ہے ۔ سیاہ پس منظر میں سفید جلی حروف میں ’’تلنگانہ اسٹیٹ ‘‘ درج کیا گیا ہے جو نئی ریاست کی تشکیل کی نشاندہی کرتا ہے ۔ لفظ ’پولیس‘ سرخ پس منظر میں سفید جلی حروف میں لکھا گیا ہے ۔ سرخ پٹی طاقت اور اتھاریٹی کو اجاگر کرتی ہے جو جرت کی علامت بھی سمجھی جاتی ہے ۔ لوگو کے نیچے زیتون کے پتے ہیں جو پولیس کی طرف امن ‘ رسائی اور صلہ رحمی کی علامت ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT