Tuesday , September 18 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس ‘ اہم مسائل پر غور متوقع

تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس ‘ اہم مسائل پر غور متوقع

نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کی فراہمی ‘ جی ایچ ایم سی انتخابات پر فیصلے ممکن

نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کی فراہمی ‘ جی ایچ ایم سی انتخابات پر فیصلے ممکن
حیدرآباد۔6اپریل (سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 7اپریل کی شام چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ کی صدارت میں منعقد ہوگا جس میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کے بعد چند فیصلے کئے جائیں گے ۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ( ٹی ایس پی ایس سی ) رپورٹ ‘ ملازمتوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی ‘ جی ایچ ایم سی انتخابات ‘ بلدی حلقوں کی ازسرنو حدبندی ‘ تعلیمی نصاب میں تبدیلی جیسے مسائل پرتبادلہ خیال کی توقع ہے ۔ تعلیم اور روزگار کے مسائل پر طلبہ برادری نے حال ہی میں سخت برہمی کا اظہار کیا تھا ۔ بیروزگار طلبہ روزگار کی فراہمی کامطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں ‘ چنانچہ توقع ہے کہ تلنگانہ کابینہ چند اہم اُمور پر فیصلے کرے گی ۔ کابینہ اپنے اجلاس میں نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کا اعلان کرے گی کیونکہ چیف منسٹر کے سی آر نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اندرون دو سال ایک لاکھ نوجوانوں کی بھرتیاں کی جائیں گی ۔ یہ توقع بھی ہے کہ عدالتی ہدایات کے مطابق ریاستی حکومت بلاتاخیر مزید جی ایچ ایم سی انتخابات کے انعقاد پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ ہرگوپال کمیٹی کی سفارشات کے مطابق نصاب میں تبدیلی پر بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ دریائے کرشنا سے آبرسانی کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل اور حیدرآباد کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کے علاوہ واٹر گرڈ ‘ جھیلوں کی صفائی و بحالی‘ شجرکاری مہم اور فلاحی اسکیمات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ اس دوران تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے دریائے کرشنا سے پانی کی سربراہی کے کام پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ان پروگراموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت کی ۔

TOPPOPULARRECENT