Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کانگریس قائدین کا عہدوں کے تحفظ کے لیے عوام کے ساتھ دھوکہ

تلنگانہ کانگریس قائدین کا عہدوں کے تحفظ کے لیے عوام کے ساتھ دھوکہ

سیما آندھرا اعلیٰ کار کی طرز پر کردار ، تلنگانہ وکلاء کے اجلاس سے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب

سیما آندھرا اعلیٰ کار کی طرز پر کردار ، تلنگانہ وکلاء کے اجلاس سے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران اپنے عہدوں کے تحفظ کیلئے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا تھا۔ انہوں نے تلنگانہ وکلاء کے حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کے دوران کانگریس قائدین نے سیما آندھرا طاقتوں کے اعلیٰ کار کی طرح رول ادا کیا۔تلنگانہ ریاست کے حصول میں کانگریس قائدین کا کوئی رول نہیں ہے۔ کانگریس قائدین کو جدوجہد کے دوران صرف اپنے عہدوں کے تحفظ کی فکر تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین صرف اپنے مسائل کی یکسوئی میں حکومت کے پاس پیروی کرتے دیکھے گئے جبکہ وہ عوامی جدوجہد سے دور رہے۔ اس اعتبار سے تلنگانہ ریاست کے حصول میں کانگریس قائدین کی کوئی حصہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کی جانب سے مسترد کردہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین حکومت پر بے بنیاد الزامات کے ذریعہ عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ جدوجہد میں وکلاء کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے جدوجہد میں جو قربانیاں دیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے وکلاء نے جدوجہد کے دوران ہر موڑ پر عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کی۔ اس جدوجہد کی کامیابی میں وکلاء کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ جہد کاروں اور وکلاء کی بھلائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ وکلاء کے ساتھ ان کے روابط سابق میں بھی کافی بہتر رہے ہیں اور آئندہ بھی وہ بہتر تعلقات کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جدوجہد میں حصہ لینے والے وکلاء کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وکلاء کیلئے مکانات، ہیلت کارڈ کی فراہمی جیسے اُمور پر حکومت جلد ہی فیصلہ کرے گی۔ ہائی کورٹ کی تقسیم کے مسئلہ پر کے ٹی آر نے کہا کہ جدوجہد کے ذریعہ جب علحدہ ریاست حاصل کی جاسکتی ہے تو پھر علحدہ ہائی کورٹ کے حصول میں کیا دشواری ہوگی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بہت جلد تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ قائم ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام سے کئے گئے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے وعدہ کو پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس مساعی میں ہم تمام کو بھی اپنا حصہ ادا کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60برسوں میں تلنگانہ کی ترقی کیلئے جو کچھ نہیں کیا گیا وہ کے سی آر نے صرف 6ماہ کی حکومت میں کردکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ہر شعبہ میں ترقی دیتے ہوئے ترقیافتہ ریاستوں کی صف میں کھڑا کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے وکلاء کی بھلائی کے سلسلہ میں خصوصی بجٹ کی منظوری کا ذکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT