Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کا اسمبلی اجلاس، ملک میں مثالی

تلنگانہ کا اسمبلی اجلاس، ملک میں مثالی

عوامی مسائل پر اطمینان بخش مباحث: ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر امور مقننہ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے اسمبلی کے سرمائی اجلاس کو بہتر انداز میں منعقد کیا ہے جس کی وجہ کئی ایک عوامی مسائل پر مباحث ممکن ہوسکے ۔ اسمبلی کے غیر معینہ مدت کیلئے التواء کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سابق میں اس طرح کی مثال نہیں ملتی کہ حکومت نے عوامی مسائل پر مباحث کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر مسائل پر نہ صرف مباحث کئے بلکہ ان کی یکسوئی کی راہ ہموار کی گئی ۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی اسمبلی میں مسائل پر اس قدر مباحث ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے انعقاد کی ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی ستائش کی جارہی ہے اور اسے دیگر ریاستیں اپنے لئے ایک مثال تصور کر رہی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ روزانہ ایک عوامی مسئلہ پر بحث کی گئی اور تمام جماعتوں کو مناسب موقع دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی ستائش اس بات کا ثبوت ہے کہ کس بہتر انداز میں ایوان کی کارروائی چلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مچھیروں کی بھلائی کے سلسلہ میں ایوان میں پہلی مرتبہ مباحث ہوئے جس سے اس طبقہ میں کافی خوشی دیکھی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ترقی اور فلاحی اقدامات میں تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان کے بہتر انعقاد میں اہم رول ادا کیا اور عوامی مسائل پر انہوں نے اپوزیشن کو اطمینان بخش جوابات دیئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہر مسئلہ پر مباحث کے دوران حکومت نے اپوزیشن کے اندیشوں کا سیرحاصل جواب دیا ہے۔ سرمائی سیشن میں 15 موضوعات پر مباحث ہوئے اور 16 بلز کو منظوری دی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT