Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ کا قیام ‘ عوام کی قربانیوں کا ثمرہ

تلنگانہ کا قیام ‘ عوام کی قربانیوں کا ثمرہ

فائدہ ‘ کے سی آر کا خاندان اٹھا رہا ہے ‘ پروفیسر کودنڈا رام کا الزام

نرمل 10؍ ستمبر ( جلیل ازہر کی رپورٹ) تلنگانہ کسی ایک شخص کی کوشش سے نہیں بلکہ تلنگانہ کی عوام اور ان کی قربانیوں کا ثمر ہے ۔ تاہم افسوس اس بات کا ہے کہ علحدہ ریاست سے تلنگانہ کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ ایک ہی خاندان اس تحریک کا مسلسل فائدہ اٹھا رہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار جے اے سی صدر پروفیسر کودنڈا رام نے نرمل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کودنڈا رام نے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری یاترا مقصد ریاستی حکومت کو یہ بتانا ہے کہ اقتدار کی ہوس میں کئے گئے تمام وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے خاندانی حکمرانی پر گامزن ہے جبکہ بیروزگار نوجوان اس یقین کے ساتھ مطمئن تھے کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد روزگار مہیا ہوگا ۔ بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دو لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقرر نہیں کیا جا رہا ہے ۔ سینکڑوں مرتبہ وزیر اعلیٰ نے ڈی ایس سی کے انعقاد کا اعلان کیا عمل ندارد ہے ۔ ہر اسکیم اس وقت صرف اخبار کی سرخیوں میں نظر آئیگی ۔آج میں نے سارے ریاست کو واقف کروانے کے لئے یاترا شروع کی تو جگہ جگہ اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہمارے جلسوں کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے بلکہ حق کی لڑائی لڑنے والوں کو اپنی طاقت کے بل بوتے پر دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے جلسہ میں موجود عوام سے کہا کہ کیا ہم نے اپنے تلنگانہ کے حصول کی خاطر جدوجہد کی کیا ہماری قربانیوں کا پھل ہے ۔ آندھرائی کلچر سے نجات دلانے کے بلند بانگ دعوے کہاں گئے ۔ آج بڑ ے بڑے کنٹراکٹ آندھرا والوں کو دیئے جا رہے ہیں۔ جے اے سی صدر کودنڈا رام نے واضح انداز میں کہا کہ ہم نے اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا کہ اگر علحدہ ریاست کی تشکیل ہوجائے تو ہمارے علاقہ کی ترقی اور سنہرے تلنگانہ کے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا ۔ تاہم ہمارا خواب چکنا چور ہوگیا اور ہم نے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے اس یاترا کا اہتمام کیا ۔ ہر جگہ ہزاروں عوام کی اس یاترا میں شرکت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ عوام ریاستی حکومت سے بیزار ہیں اور انتخابی وعدوں پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT