Friday , August 17 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کو جرائم سے پاک ریاست بنانے کا عزم : مہیندر ریڈی

تلنگانہ کو جرائم سے پاک ریاست بنانے کا عزم : مہیندر ریڈی

بہتر خدمات پر توجہ ‘ نئے ڈی جی پی کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ /12 نومبر (سیاست نیوز) نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی نے آج عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ پولیس ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ تقریب میں 11.30 بجے دن انہوں نے جائزہ حاصل کرنے فائیل پر دستخط کی ۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کو جرائم سے پاک بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور سٹی پولیسنگ کی طرز پر ریاست بھر میں یکساں پولیسنگ پر توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے انہوں نے پولیس کو تین زمروں شہری (حیدرآباد ، رچہ کونڈہ اور سائبر آباد کمشنریٹ) دیہی شہری ورنگل ، کھمم ، سدی پیٹ اور دیگر کمشنریٹ ، دیہی جس میں تمام اضلاع شامل ہے میں تقسیم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سال میں کمشنر پولیس حیدرآباد کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے دوران سٹی پولیس میں کئی اہم اقدامات کئے ہیں جن میں خواتین کے تحفظ کیلئے شی ٹیم کی تشکیل ، بھروسہ سنٹرس شامل ہیں ۔ ریاست بھر میں پولیس میں یکسانیت لانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ ریاست کو جرائم سے پاک بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کا پتہ لگانے کی بجائے روک تھام کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس میں اب تک 1.5 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں آئی اور آئندہ ان کا مقصد ہے کہ حیدرآباد ، سائبر آباد اور رچہ کونڈہ علاقوں میں 10 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں ٹکنالوجی کے ذریعہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس میں انہوں نے ایچ وائی ڈی کاپ ، ہاک آئی موبائیل اپلیکیشن ایپ متعارف کئے تھے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور اسی قسم کی ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ پولیس کی کارکردگی کو نمایاں بنانے اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کئے جائیں گے ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ گزشتہ دور میں ہوم گارڈس ، کانسٹبلس وغیرہ جیسے ملازمین کو کارکردگی کی ستائش نہیں ہوتی تھی لیکن انہوں نے سٹی پولیس میں ایک ایسا سسٹم قائم کیا جس کے ذریعہ نمایاں کارکردگی کی ستائش کرنے کے علاوہ انہیں ریوارڈ بھی دیا جاتا ہے ۔ نئے ڈی جی پی نے کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی طرز پر ہر ضلع میں بھروسہ سنٹر ، شی ٹیم اور سائبر لیب قائم کئے جائینگے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تلنگانہ پولیس کے تمام شعبوں اور ٹیم ورک سے پولیس پرچم کو ملک بھر میں سرفہرست برقرار رکھنے کی جدوجہد کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT