Monday , June 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی

تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی

بودھن میں جلسہ عام سے رکن اسمبلی شکیل عامر کا خطاب

بودھن میں جلسہ عام سے رکن اسمبلی شکیل عامر کا خطاب
بودھن 10 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے بودھن کے موضع ایراج پلی میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے لئے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی انتھک 13 سال تک کی گئی جدوجہد کے بعد ہمیں اپنی علیحدہ ریاست حاصل ہوئی۔ جناب شکیل نے کہاکہ طویل جدوجہد میں تمام تلنگانہ کے عوام کے سی آر کو تعاون حاصل ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت پھر ایک مرتب سارے تلنگانہ کے عوام کا تعاون حاصل کرتے ہوئے اپنی ریاست کو سنہرا تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے عزائم رکھتی ہے۔ جناب شکیل عامر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت سب سے پہلے عوام کو بنیادی ضرورت پینے کے پانی اور آبپاشی کے لئے محفوظ آبی ذخائر بنانے کوشاں ہے۔ جناب شکیل نے کہاکہ ریاستی سطح پر مشن کاکتیہ اسکیم کے تحت ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے ریاستی حکومت کروڑہا روپئے کے تخمینہ سے منصوبہ تیار کیا ہے۔ یہاں منعقدہ جلسہ سے انھوں نے عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جن بیڑی مزدوروں کو وظائف تاحال جاری نہیں ہوئے انھیں وظائف کی اجرائی کیلئے نمائندگی کریں گے اور معذورین کو روک دیئے گئے وظائف کی فوری اجرائی کیلئے منڈل آفیسر کو اُنھوں نے ہدایت جاری کی۔ مقامی مسلمانوں کی جانب سے عیدگاہ کے احاطہ کی دیوار کی تعمیر اور کمیونٹی ہال کے لئے حسب ضرورت رقمی منظوری کا اُنھوں نے مقامی مسلمانوں کو تیقن دیا۔ جناب شکیل نے کہاکہ ماضی میں مستحق افراد کو صرف دو سو روپئے وظیفہ دیا جاتا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے فی کس ایک ہزار روپئے وظیفہ جاری کررہی ہے۔ جناب شکیل نے کہاکہ ٹی آر ایس اپنے انتخابی منشور پر عمل درآمد کرنے کی مکمل پابند ہے۔ انھوں نے کہاکہ شادی مبارک اسکیم کا انتخابی منشور میں ذکر نہیں ہے لیکن یہ ایک اچھی تجویز ہونے کی وجہ سے چیف منسٹر کے سی آر نے فوری اس تجویز کو قبول کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس عوامی جلسہ سے قبل یہاں کے تالابوں کی کھدائی کے کاموں کا جناب شکیل نے رسمی آغاز کیا۔ اس موقع پر DCCB چیرمین نظام آباد گنگادھر راؤ پٹوا ، مقامی سرپنچ سنجیو ریڈی، سابق ایم پی پی بودھن جی گنگاریڈی، سابقہ و موجودہ صدرنشین بلدیہ محمد غوث الدین، پی آر ٹی یو قائد کرن و دیگر پارٹی لیڈرس و عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT