Tuesday , December 12 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کی طرف پیش قدمی

تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کی طرف پیش قدمی

موضع سلطان پور میں ہریتا ہارم پروگرام سے رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کا خطاب
سنگاریڈی 14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی اندول کے موضع سلطان پور میں ایمان کالج آف ایجوکیشن سنگاریڈی اور ٹی نیوز کے مشترکہ تعاون سے ہریتا ہارم پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں بی بی پاٹل رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد، بابو موہن رکن اسمبلی اندول، امام و خطیب مکہ مسجد حیدرآباد مولانا حافظ و قاری محمد عثمان نقشبندی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے پودے لگاکر شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بی بی پاٹل رکن پارلیمان ظہیرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ ہریتا ہارم پروگرام کے ذریعہ بھاری پیمانے پر پودوں کی شجرکاری کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی سمت گامزن ہے۔ شجرکاری کے ذریعہ بارش میں اضافہ ہوگا۔ بارش کے ذریعہ کسان فصل اُگائیں گے جس کے ذریعہ ریاست سے خشک سالی کا خاتمہ ہوگا۔ شجرکاری سے ماحولیاتی توازن برقرار رہے گا اور فضائی آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے اوپر لازم کرلیں کہ ہر فرد اپنی جانب سے 5 تا 10 پودے لگاتے ہوئے ریاست تلنگانہ سرسبز و شاداب بنانے کی کوشش کریں۔ مولانا حافظ و قاری محمد عثمان نقشبندی امام و خطیب مکہ مسجد حیدرآباد نے پودوں کی شجرکاری سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ درخت کا ہر پتّا اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہتا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ ہریتا ہارم پروگرام کو ایک خوش آئند پروگرام قرار دیتے ہوئے کہاکہ درختوں کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ انسان، جانور اور پرندوں کو ٹھہرنے کے لئے سہارا دیتے ہیں۔ ہم کو اس ہریتا ہارم پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودوں کی شجرکاری کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی جانب سے شروع کردہ ہر پروگرام ریاست کے لئے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے جس کی بدولت ہی آج وزیراعلیٰ کے سی آر کو ملک کا سرفہرست وزیراعلیٰ کے طور پر مانا جارہا ہے۔ بابو موہن ریڈی اسمبلی اندول نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ہریتا ہارم پروگرام کو عوامی تحریک کے طور پر انجام دیتے ہوئے پودوں کی شجرکاری پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ خواجہ قیوم انور چیرمین ایمان کالج آف ایجوکیشن سنگاریڈی نے صدارتی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایمان کالج آف ایجوکیشن بی ایڈ و ڈی ایڈ کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شجرکاری میں حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT