Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کیا جائے گا

تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کیا جائے گا

شعبہ صحت میں عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد۔13 جولائی (سیاست نیوز)ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی آر نے صحت کے شعبہ میں عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تلنگانہ کو ایک صحت مند ریاست میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل اربن ہیلتھ مشن پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ میں ملک کی دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کو فائدہ پہونچانے والے شعبوں میں عصری ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کی ہدایت دی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ تلنگانہ میں انقلابی ترقی دیکھی جارہی ہے۔ اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ ریاست کی 3 لاکھ 62 ہزار حاملہ خواتین کے پاس ہیلتھ کارڈس موجود ہیں۔ تلنگانہ میں 249 اربن ہیلتھ سنٹرس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہیلتھ ریکارڈ کا ڈیجیٹلائزیشن کیا جائے گا۔ ریاست کے باوقار مشن بھاگیرتا پراجیکٹ کو بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر ہمیشہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ علیحدہ ریاست کی تشکیل کے اندرون تین سال تلنگانہ کو ملک بھر میں فلاحی ریاست کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ 40 لاکھ افراد کو وظائف دیئے جارہے ہیں۔ تمام شعبوں میں ریاست کو سرفہرست لانے کیلئے خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیتی آیوگ نے ریاست کے کئی اسکیمات کی ستائش کی۔ ملک کی مختلف ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کی تقلید کرتے ہوئے تعاون طلب کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT