Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کو غنڈہ ریاست میں تبدیل کرنے کے سی آر پر الزام

تلنگانہ کو غنڈہ ریاست میں تبدیل کرنے کے سی آر پر الزام

چیف منسٹر اپنے وعدوں کے احترام میں ناکام : کے وینکٹ ریڈی
حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر کے وینکٹ ریڈی نے سنہرے تلنگانہ کے نام پر غنڈوں کا تلنگانہ ریاست تیار کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ پر الزام عائد کیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وینکٹ ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ نے ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے 10 لاکھ کروڑ کے وعدے کئے مگر افسوس کی بات ہے کہ ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کے سی آر جھوٹے وعدے کرنے کے عادی بن گئے ہیں۔ اب وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں مگر تلنگانہ تحریک کے قائد کے طور پر وعدے کررہے ہیں۔ ان کے وعدوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ کسی بھی حکومت کے خلاف نصف میعاد مکمل ہونے کے بعد عوام مخالف لہر شروع ہوتی ہے لیکن کے سی آر ابتدائی دنوں سے عوام کی تائید سے محروم ہوگئے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا اس لئے مختلف طریقوں سے تنازعات پیدا کرتے ہوئے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کے پاس کرسی ڈال کر بھیٹتے ہوئے تعمیری کاموں کی نگرانی کرنے کا اعلان کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ فارم ہاؤز پر صوفہ پر آرام کررہے ہیں۔ ہر سال ایک لاکھ ملازمتیں دینے کا اعلان کیا گیا مگر کسی بھی نوجوان کو ملازمت حاصل نہیں ہوئی۔ کسان کئی مسائل سے دوچار ہیں اور خودکشی پر مجبور ہیں۔ ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ اپنے مسائل کی یکسوئی کے لئے کسان اور طلبہ سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں جبکہ چیف منسٹر اپنی ساری توجہ سستی شہرت پر مرکوز کئے ہوئے ہیں اور عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے انھیں دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ عوام کے صبر و تحمل کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ عوام کسی بھی وقت حکومت کے خلاف بغاوت کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کسان مسائل سے دوچار ہوکر خودکشی کررہے ہیں اور چیف منسٹر مہنگی گاڑیاں خریدنے کیلئے سرکاری فنڈس کا بے جا استعمال کررہے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ اقتدار کسی کے پاس بھی مستقل نہیں ہوتا بھگوان ہی کے سی آر کو سزا دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT