Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کو فاضل برقی پیداوار کی حامل ریاست بنانے کی ہدایت

تلنگانہ کو فاضل برقی پیداوار کی حامل ریاست بنانے کی ہدایت

بھدرادری پراجکٹ ختم سال تک مکمل کرلیا جائے، دہلی میں چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے تھرمل پاور پراجکٹس کے کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے تلنگانہ کو فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاست میں تبدیل کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہاکہ دباؤ کے باوجود برقی پیداوار کی ذمہ داری خانگی اداروں کو نہ دیتے ہوئے سرکاری اداروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ دہلی میں چیف منسٹر نے تھرمل پاور پراجکٹس کی تعمیرات کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں وزیر برقی جگدیش ریڈی، بی ایچ ای ایل کے صدرنشین اتول سونبی، جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ، ٹرانسکو کے ای ڈی اجئے، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ، ارکان پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی، پی سرینواس ریڈی، اجمیرا سیتارام نائک، حکومت کے نمائندہ وینو گوپال چاری کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ بھدرادی کتہ گوڑم ضلع میں تعمیر ہونے والے 800 میگاواٹ پلانٹ کو جاریہ سال کے اواخر تک مکمل کرنے کی کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ مناگورو میں 1080 میگاواٹ بھدرادی تھرمل پاور اسٹیشن (پی ٹی پی ایس) کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرنے داما چرلہ میں تعمیر ہونے والے 4000 میگاواٹ یادادری الٹرا میگا پاور پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا بھی آغاز کرتے ہوئے 36 ماہ میں تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔ کتہ گوڑم میں 720 میگاواٹ برقی پیداوار پلانٹ کی تعمیر کے لئے آئندہ سال مختص کردہ نشانہ مکمل ہورہا ہے۔ وہاں 800 میگاواٹ برقی کا پیداواری مرکز قائم کرنے کے لئے تیاریاں کرنے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کے سی آر نے کہاکہ بڑے پیمانے پر دباؤ کے باوجود برقی پیداوار کی ذمہ داری خانگی اداروں کے حوالے نہیں کی گئی۔ سرکاری اداروں کی مدد سے ہی برقی پیدا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سرکاری ادارے بی ایچ ای ایل اور جینکو کی جانب سے حکومت کے بھروسے پر کھرا اُترتے ہوئے پراجکٹس کی تعمیرات اور برقی پیداوار کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سرکاری اداروں کی جانب سے برقی کی پیداوار سے عوام کے مفادات کا تحفظ ہوگا، کسانوں اور غریب عوام کو رعایت دی جاسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT