Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کیلئے پروفیسر جئے شنکر کی خدمات کو خراج

تلنگانہ کیلئے پروفیسر جئے شنکر کی خدمات کو خراج

آنجہانی کی یوم پیدائش پر تلنگانہ بھون میں تقریب، چیف منسٹر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ بھون میں پروفیسر جئے شنکر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ جئے شنکر کی 82ویں یوم پیدائش کے موقع پر تلنگانہ بھون میں تقریب منعقد کی گئی۔ چیف منسٹر نے جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کیلئے پروفیسر جئے شنکر کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ چیف منسٹر کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء این نرسمہاریڈی، اندرا کرن ریڈی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشو راؤ، رکن لوک سبھا جتیندر ریڈی، میئر حیدرآباد رام موہن، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، نئی دہلی میں تلنگانہ کے نمائندہ ایس وینو گوپال چاری کے علاوہ پارٹی کے ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کارکنوں نے کیک کاٹا۔ تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں بھی پروفیسر جئے شنکر کا یوم پیدائش منایا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راماراؤ نے پروفیسر جئے شنکر اگریکلچر یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے جئے شنکر کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور تلنگانہ جدوجہد میں ان کے رول کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پروفیسر جئے شنکر کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے تلنگانہ میں ترقی کے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے ورنگل میں جئے شنکر یوم پیدائش تقاریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت جئے شنکر کے خوابوں کی تکمیل کیلئے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کیلئے جن مسائل پر جدوجہد کی گئی آج ان کی یکسوئی میں پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں پیشرفت ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT