Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی ترقی اور عوامی بہبود پر توجہ ضروری

تلنگانہ کی ترقی اور عوامی بہبود پر توجہ ضروری

کانگریس، اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی، جانا ریڈی کا بیان

کانگریس، اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی، جانا ریڈی کا بیان

حیدرآباد /10 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد مقننہ کے جانا ریڈی نے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت پر جمہوری انداز میں دباؤ ڈالنے کا اعلان کیا۔ آج سی ایل پی آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پاچکی ہے، لہذا اس کی ترقی اور عوامی بہبود پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہر اچھے کام کی کانگریس تائید کرے گی اور مخالف عوام فیصلوں کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ قائدین، سیاسی جماعتوں، صحافت اور عوام کو صحت مندانہ مثبت رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، جب کہ منفی عزائم نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر ریاست کی ترقی کے لئے کام کریں اور ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، جب کہ عمل آوری کے لئے نئی شرط عائد کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مماثل ہے۔ قائد کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کے لئے کھمم کے 7 منڈلوں کو آندھرا پردیش میں انضمام کا فیصلہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے جو آرڈیننس جاری کیا ہے، اگر ریاستی حکومت کی جانب سے اس کے خلاف اسمبلی میں قرارداد پیش کی جاتی ہے تو کانگریس پارٹی اس کی تائید کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی میں کوئی اختلاف یا گروپ بندی نہیں ہے، سب مل کر ٹیم ورک کی طرح عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے کام کریں گے۔ ان کی ٹیم میں سینئر اور جونیر کا کوئی فرق نہیں رہے گا، صرف عوامی مسائل کو ترجیح دی جائے گی۔ انھوں نے ہماچل پردیش میں کالج طلبہ کے ساتھ پیش آئے حادثہ پر تشویش کا اظہار کیا اور ہماچل پردیش حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے تلاشی مہم میں تیزی پیدا کرنے حکومت پر زور دیا۔

TOPPOPULARRECENT