Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کرنے مرکز سے نمائندگی

تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کرنے مرکز سے نمائندگی

ایم پی کویتا کی قیادت میں وفد کی مرکزی وزراء سمرتی ایرانی ، ہرش وردھن سے نمائندگی

ایم پی کویتا کی قیادت میں وفد کی مرکزی وزراء سمرتی ایرانی ، ہرش وردھن سے نمائندگی
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے نظام آباد ایم پی کے کویتا کی قیادت میں آج مرکزی وزراء سمرتی ایرانی اور ڈاکٹر ہرش وردھن سے ملاقات کی۔ ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی وزراء سے اپیل کی کہ وہ اپنی متعلقہ وزارتوں کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی میں ریاستی حکومت سے تعاون کریں۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو تلنگانہ میں قومی سطح کے اداروں کے قیام کے سلسلہ میں ایک یادداشت پیش کی گئی۔ان سے خواہش کی گئی کہ تلنگانہ میں قومی سطح کے تعلیمی ادارے قائم کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کویتا نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی صدی تقاریب کے شاندار انعقاد کیلئے مرکزی حکومت فنڈز فراہم کرے۔ انہوں نے نظام آباد ضلع میں آئی آئی ایم کے قیام کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کے موقع پر مرکز نے تیقن دیا تھا کہ اعلیٰ تعلیم سے متعلق معیاری اور قومی ادارے تلنگانہ میں قائم کئے جائیں گے تاکہ اس پسماندہ ریاست کے تعلیمی معیار کو بلند کیا جاسکے۔ ارکان پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ اور وشویشور ریڈی کے ہمراہ کویتا نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے طرز پر طبی اداروں کے قیام کا مطالبہ کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ہر منڈل میں 30بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غریب عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں مرکزی وزارت صحت کو تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے معیار کے مطابق ادارہ کے تلنگانہ میں قیام کی سفارش کی۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں مرکزی وزراء نے ارکان پارلیمنٹ کو تیقن دیا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز ہر ممکن تعاون کرے گا۔ کویتا کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ ان دنوں نئی دہلی میں مختلف مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کرتے ہوئے تلنگانہ کی ضرورتوں سے واقف کرارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT