Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ کیلئے کانگریس کی سازش: وی ویریشم

تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ کیلئے کانگریس کی سازش: وی ویریشم

حیدرآباد ۔ 13۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی وی ویریشم نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی روکنے کیلئے سازشیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، جن میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور ہریتا ہارم پروگرام شامل ہیں لیکن کانگریس قائدین ان پروگراموں پر بے جا تنقیدوں کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی نے ہریتا ہارم پروگرام میں بے قاعدگیوں سے متعلق کانگریس کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا گیا جس میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ویریشم نے کہا کہ اگر کانگریس قائدین اس پروگرام کی مخالفت ترک نہیں کریں گے تو انہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں بے قاعدگیاں اور اسکامس عام تھے اور عوامی فلاح و بہبود کو نظر انداز کردیا گیا۔ متحدہ آندھراپردیش کے حکمرانوں نے تلنگانہ علاقہ کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک بھی آبپاشی پراجکٹ کی تکمیل نہیں کی۔ اب جبکہ چندر شیکھر راؤ نے آبپاشی پراجکٹس کا آغاز کیا ہے۔ کانگریس اور تلگو دیشم کو برداشت نہیں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین جانا ریڈی ، اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کو مشورہ دیا کہ وہ تنقیدوں سے باز آجائیں ورنہ انہیں عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹی آر ایس  رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس قائدین کو حکومت پر تنقید سے قبل اپنے دور حکومت کی بے قاعدگیوں کا جائزہ لینا چاہئے جس میں کئی وزراء کو مقدمات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے تھے ، ان پر عمل آوری کے علاوہ کئی نئے پروگرام اور اسکیمات شروع کی گئیں جن کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہیں۔ کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT