Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی تعمیر نو صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن

تلنگانہ کی تعمیر نو صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن

کے سی آر کی قیادت میں مسلسل جدوجہد کا عزم : کونڈہ سریکھا

کے سی آر کی قیادت میں مسلسل جدوجہد کا عزم : کونڈہ سریکھا

حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) ورنگل سے تعلق رکھنے والی سابق ریاستی وزیر کونڈہ سریکھا نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے آج اپنے شوہر کونڈہ مرلی کے ہمراہ کے سی آرسے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ حاصل ہوا ہے اور تلنگانہ کے سلسلہ میں دیگر جماعتوں کے دعوے بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہاکہ چندر شیکھر راؤ سے ان کے اختلافات محض بعض غلط فہمیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے چندر شیکھر راؤ کو غلط سمجھا تھا لیکن اب وہ تمام اختلافات فراموش کرتے ہوئے نئی ریاست کی ترقی کیلئے ان کی قیادت میں کام کریں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ عہدہ یا ٹکٹ کیلئے ٹی آر ایس میں شامل نہیں ہوئی ہیں بلکہ تلنگانہ کی ترقی ان کا اہم مقصد ہے۔ چندر شیکھر راؤ کی ہدایات کے مطابق وہ پارٹی میں خدمات انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ذریعہ ہی کمزور اور پسماندہ طبقات کو انصاف مل سکتا ہے۔

کونڈہ سریکھا نے کہا کہ سیاسی زندگی میں انہوں نے کبھی بھی عہدوں کی پرواہ نہیں کی بلکہ علحدہ تلنگانہ کیلئے وہ اسمبلی کی نشست سے استعفی دے چکی ہیں۔ کونڈہ سریکھا نے کہا کہ متحدہ ریاست کے مسئلہ پر جگن موہن ریڈی کی تائید نہیں کی بلکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے پلینری سیشن میں تلنگانہ کے حق میں قرارداد کی منظوری میں انہوں نے اہم رول ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ورنگل میں انہیں عوامی تائید کی بنیاد پر وہ دعویٰ کرسکتی ہیں کہ پرکال اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے بھی وہ کامیابی حاصل کرنے کے موقف میں ہیں۔ کونڈہ سریکھا نے کہا کہ وہ ورنگل میں ٹی آر ایس ایس کو مستحکم کرنے کی کوشش کریں گی۔ اس موقع پر پارٹی رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ کونڈہ سریکھا کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے پارٹی مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین ہوچکا ہے کہ ٹی آر ایس کی قیادت میں ہی تلنگانہ کی تعمیر نو ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف پارٹیوں سے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید قائدین ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT