Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی یوم تاسیس پر ریاستی سطح پر ایوارڈس

تلنگانہ کی یوم تاسیس پر ریاستی سطح پر ایوارڈس

اردو زبان کے چار ایوارڈس ، کابینی سب کمیٹی میں منظوری
حیدرآباد۔/26مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حکومت نے ریاستی سطح کے 50 ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں اردو زبان کے 4 ایوارڈز شامل ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ یوم تاسیس سے متعلق کابینی سب کمیٹی نے تلگو اور اردو میں4 ، 4 ایوارڈز کو منظوری دی ہے جو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی تلنگانہ کی شخصیتوں کو دیئے جائیں گے۔ اردو میں شاعری، ادب، صحافت اور مذہبی شعبہ جات میں ریاستی سطح کے ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ ایوارڈز کیلئے ناموں کے انتخاب کی ذمہ داری علحدہ کمیٹی کو دی گئی ہے۔ زیادہ تر ایوارڈز شہیدان تلنگانہ کے پسماندگان کو دیئے جائیں گے۔ جشن تلنگانہ کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کو 3 پروگراموں کی ذمہ داری دی گئی ہے جن میں کُل ہند مشاعرہ، شام غزل اور محفل قوالی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عیسائی اور سکھ مت طبقات کی جانب سے دو علحدہ پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ 2جون کی صبح 9بجے حج ہاوز نامپلی پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور تمام دفاتر کے ملازمین میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔ حج ہاوز کو سجانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ تحریک اور تلنگانہ میں عوامی بھلائی کی اسکیمات اور حکومت کے کارناموں پر مشتمل تصویری نمائش اردو مسکن میں منعقد کی جائے گی۔ انیس الغرباء کے بچوں کیلئے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ اقلیتی بہبود کے تحت چلنے والے 10ہاسٹلس میں مٹھائی کی تقسیم کی ہدایت دی گئی۔ کابینی سب کمیٹی نے مکہ مسجد کی سجاوٹ اور وہاں دعائیہ اجتماع کے انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ مکہ مسجد میں صبح خصوصی دعاء کا اہتمام کیا جائے گا جس میں بارش اور ریاست کی خوشحالی اور ترقی کی دعا کی جائے گی۔ مسجد میں خون کا عطیہ کیمپ بھی رہے گا۔ عیسائی گرجا گھر اور سکھ گردوارہ میں بھی خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان عبادت گاہوں میں بھی ریاست کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔ کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے علاوہ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے شرکت کی اور اردو پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔

TOPPOPULARRECENT