Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس پر چندرا بابو اور جگن موہن ریڈی کی غیرضروری سیاست

تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس پر چندرا بابو اور جگن موہن ریڈی کی غیرضروری سیاست

سیاسی مقصد براری کیلئے پراجکٹس کو نشانہ بنانا غیردرست، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ
حیدرآباد۔/7مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹ پر غیر ضروری سیاست کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے دوسری ریاست کے پراجکٹس کو نشانہ بنانا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ قائدین تلنگانہ اور یہاں کے کسانوں کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگن کی مخالف تلنگانہ پالیسیوں کے نتیجہ میں ان کے 3 ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین کو مناسب مقام دیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کھمم کے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلگودیشم اور کانگریس کے اتحاد کو شکست دیں کیونکہ یہ موقع پرست اتحاد کھمم کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیرو اسمبلی حلقہ طویل عرصہ سے پسماندہ ہے اور کبھی اس کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی۔ کانگریس، تلگودیشم اور کمیونسٹ جماعتیں حکومت کی ترقیاتی اسکیمات کو روکنے کیلئے انتخابی میدان میں ہیں۔ عوام کو چاہیئے کہ ایسی جماعتوں کو مناسب سبق سکھائیں۔ کے ٹی آر نے پالیرو اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کئی علاقوں میں پدیاترا کی اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور رکن اسمبلی پی اجئے اور دیگر قائدین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں عوام کو نظر انداز کردیا گیا اور آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ضلع کھمم کو مثالی ضلع میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار اور ریاستی وزیر ٹی ناگیشورراؤ نے کہا کہ آندھرائی جماعتوں کیلئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور عوام نے گزشتہ انتخابات میں آندھرائی جماعتوں کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔

TOPPOPULARRECENT