Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے اپوزیشن قائدین آندھرا کے آلہ کار: ہریش رائو

تلنگانہ کے اپوزیشن قائدین آندھرا کے آلہ کار: ہریش رائو

حیدرآباد۔/25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ میں برقی کی صورتحال پر تلگودیشم اور کانگریس کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کیلئے اگرچہ آندھرا پردیش حکومت اور چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں لیکن افسوس کہ تلنگانہ کے تلگودیشم اور کانگریس قائدین آندھرائی قائدین کے آلہ کار کی طرح ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے شعبہ میں تلنگانہ کو اس کے جائز حق سے محروم کرنے کیلئے آندھرا پردیش حکومت ذمہ دار ہے اور تلنگانہ حکومت انصاف کے حصول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے کی جارہی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل میں ہر شعبہ میں دونوں ریاستوں کی حصہ داری طئے کردی گئی اور برقی کے شعبہ میں تلنگانہ کا حصہ 54فیصد ہے۔ لیکن آندھرا پردیش حکومت ان معاہدات کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں زرعی شعبہ کے تحفظ کیلئے ٹی آر ایس حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔سری سیلم پاور پراجکٹ میں تلنگانہ کی جانب سے برقی کی پیداوار روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم میں روزانہ 800میگاواٹ برقی کی پیداوار کے سبب زرعی شعبہ کو 6گھنٹے برقی سربراہی کی جارہی ہے۔ اگر سربراہی کو روک دیا جائے تو چار گھنٹے بھی سربراہ کرنے کا موقف نہیں رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حقائق کو جاننے کے باوجود کانگریس اور تلگودیشم کے قائدین تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کے بجائے حکومت پر تنقیدیں کررہے ہیں۔ انہوں نے ان جماعتوں سے سوال کیا کہ کیا وہ آندھرا پردیش حکومت کی ناانصافیوں سے واقف نہیں، اور اگر واقف ہیں تو پھر وہ چندرا بابو نائیڈو پر تنقید سے کیوں گریز کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے چندرا بابو نائیڈو کو چیلنج کیاکہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دستاویزات کے ساتھ جو حقائق جاری کئے تھے ان کا جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت حقائق پیش کررہی ہے جس کے جواب میں تلنگانہ تلگودیشم قائدین نائیڈو کے آلہ کار کے طور پر غلط معلومات پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ سے انصاف کیلئے نائیڈو پر دباؤ بنائیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم کے قائدین تلنگانہ میں رہتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ دھوکہ دہی کررہے ہیں۔ تلنگانہ عوام اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں اور وہی ان جماعتوں کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے کا اظہار کریں اور سیما آندھرا طاقتوں کے آلہ کار کا رول ادا کرنا بندکردیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے نو سالہ دور حکومت میں تلنگانہ میں ایک بھی برقی پراجکٹ قائم نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی کسی بھی ریاست میں ایسی سیاسی جماعتیں نہیں ہوں گی جو اپنی ریاست کے مفادات کے خلاف کام کرے۔ افسوس کہ اس طرح کی جماعتیں تلنگانہ میں اپوزیشن کی صورت میں موجود ہیں جو سیاسی مفادات کے خاطر تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ یہ تلنگانہ کی بدقسمتی ہے کہ اس طرح کی جماعتیں خود ریاست کیلئے مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT