Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ پر زور

تلنگانہ کے تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ پر زور

وزیرآبپاشی ٹی ہریش راؤ کی محکمہ کے عہدیداروں کیساتھ ویڈیو کانفرنس

وزیرآبپاشی ٹی ہریش راؤ کی محکمہ کے عہدیداروں کیساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آج تمام ضلع کلکٹرس، چیف انجینئرس اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور مشن کاکتیہ پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس پروگرام کی کامیابی پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ اس پروگرام کا مقصد تلنگانہ کے تمام تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ کرنا ہے تاکہ انہیں آبپاشی کی ضروریات کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 200تالابوں اور جھیلوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کا تحفظ کرتے ہوئے ان کا احیاء عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں پانی کی سربراہی اور خاص طور پر آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت نے اس پروگرام کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں اور جھیلوں کے علاقوں میں ناجائز قبضوں کی برخواستگی پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ آبگیر علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات و قبضوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کی کامیابی سے نہ صرف جھیلوں کا تحفظ ہوگا بلکہ انہیں خوبصورت بنانے میں مدد ملے گی۔ ہریش راؤ نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ پہلے مرحلہ کے کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت کو اپنی رپورٹ وقتاً فوقتاً روانہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT