Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے حجاج کرام کے مزید دو قافلوں کی آمد

تلنگانہ کے حجاج کرام کے مزید دو قافلوں کی آمد

ایئرپورٹ پر نماز اور دیگر سہولتوں کا انتظام، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کے 2 قافلے آج مدینہ منورہ سے سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ حیدرآباد واپس ہوئے۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ پہلا قافلہ ہفتہ کی اولین ساعتوں میں شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچا جبکہ دوسرا قافلہ 8:30 بجے شب حیدرآباد واپس ہوا۔ حجاج کرام کے اب تک جملہ 5 قافلے واپس ہوچکے ہیں جن میں 2241 حجاج کرام فریضہ حج اور زیارت مدینہ منورہ کے بعد وطن واپس ہوئے۔ آج کے پہلے قافلہ میں وہ 4 حجاج کرام بھی واپس ہوچکے ہیں جو کل ایر پورٹ پر بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے باوجود طیارہ میں سوار نہ ہوسکے اور فلائیٹ ان کے بغیر ہی حیدرآباد پہنچ گئی تھی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ان حاجیوں سے ربط قائم کرتے ہوئے ایر پورٹ پر کھانے کا انتظام کیا اور سعودی ایر لائنس سے خواہش کی کہ انہیں دوسری فلائیٹ میں شامل کیا جائے۔ صبح کی پہلی فلائیٹ میں چونکہ 4 نشستیں خالی تھیں لہذا انھیں اس فلائیٹ کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کیا گیا۔ ان کا لگیج کل حیدرآباد پہنچ چکا ہے۔ خصوصی حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے ایمگریشن، کسٹمس اور دیگر ضروری اُمور کی عاجلانہ تکمیل میں اہم رول ادا کیا۔ حج ٹرمنل میں حجاج کیلئے نماز کا خصوصی نظم رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے بھی نصب کردہ خصوصی شامیانے میں تمام سہولتیں فراہم کی گئیں۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات کی ستائش کی اور پروفیسر ایس اے شکور کو مبارکباد دی۔ حجاج کرام کے دو قافلے 24ستمبر اتوار کو وطن واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 10 بجے اور دوسرا قافلہ رات 12 بجے مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ پیر کو تلنگانہ کے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کیلئے حج ہاوز میں قیام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔50 حجاج کرام کیلئے انتظامات کئے گئے تاہم ابھی تک کسی بھی ضلع کے حجاج نے اس سہولت سے استفادہ نہیں کیا وہ ایر پورٹ سے سیدھے اپنے مقامات کو روانہ ہوگئے۔ آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا منگل سے آغاز ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT