Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکزی وزیر خارجہ کو مکتوب

تلنگانہ کے حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکزی وزیر خارجہ کو مکتوب

اضافی کوٹہ کیلئے حکومت تلنگانہ کی مساعی، چیف منسٹر سے ڈپٹی چیف منسٹر کی مشاورت

اضافی کوٹہ کیلئے حکومت تلنگانہ کی مساعی، چیف منسٹر سے ڈپٹی چیف منسٹر کی مشاورت
حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مرکز سے زائد خصوصی حج کوٹہ حاصل کرنے کی مساعی کا آغاز کردیا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے سبب تلنگانہ کے ہزاروں عازمین حج کو قرعہ اندازی میں انتخاب سے محرومی کے سبب ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر خارجہ سشما سوراج کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مزید 2000 نشستوں کے الاٹمنٹ کی خواہش کی۔ اس مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کو حج کوٹہ میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کیلئے مزید خصوصی کوٹہ الاٹ کیا جانا چاہیئے اور وہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو مکتوب روانہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے جناب محمود علی سے خواہش کی کہ وہ ان کا مکتوب شخصی طور پر نئی دہلی میں وزیر خارجہ کے حوالہ کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں اہم اعلانات اور خاص طور پر جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے 9کروڑ 60لاکھ کی گرانٹ منظور کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے ان اقدامات اور اعلانات سے تلنگانہ کی اقلیتوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کیلئے زائد حج کوٹہ حاصل کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور وہ اسمبلی سیشن کے بعد چیف منسٹر کا مکتوب لیکر نئی دہلی روانہ ہوں گے اور شخصی طور پر مکتوب وزیر خارجہ کے حوالہ کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی جائے گی اور چیف منسٹر کا مکتوب حوالہ کیا جائے گا۔ سشما سوراج کو آج روانہ کردہ مکتوب میں ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد سے جملہ 11,436 درخواستیں داخل کی گئی تھیں اور حیدرآباد کیلئے صرف 500کا کوٹہ منظور کیا گیا جس کے سبب ہزاروں عازمین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے خصوصی کوٹہ کے طور پر مزید 2000نشستوں کے الاٹمنٹ کی خواہش کی۔ انہوں نے مکتوب کے ساتھ تلنگانہ میں داخل کردہ درخواستوں اور ضلع واری الاٹ کردہ نشستوں کی تفصیلات بھی روانہ کی ہیں۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اس عہد کا اعادہ کیاکہ اسمبلی میں کئے گئے تمام اعلانات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ وقتاً فوقتاً اجلاس منعقد کرتے ہوئے پیشرفت کا جائزہ لیں۔جناب محمود علی نے کہا کہ وہ اسمبلی اجلاس کے بعد مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتی بہبود کی اسکیمات میں پیشرفت کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT