Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے روایتی تہوار بتکما پر جی ایچ ایم سی کی تیاریاں

تلنگانہ کے روایتی تہوار بتکما پر جی ایچ ایم سی کی تیاریاں

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تشکیل تلنگانہ کے بعد بتکما تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس اعلان کے مطابق 2 اکٹوبر کو منعقد ہورہے بتکما تہوار کے سلسلے میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج ٹینک بنڈ کا دور

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تشکیل تلنگانہ کے بعد بتکما تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس اعلان کے مطابق 2 اکٹوبر کو منعقد ہورہے بتکما تہوار کے سلسلے میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج ٹینک بنڈ کا دورہ کرتے ہوئے بتکما تہوار کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا اور ماتحتین کو تمام تیاریاں قبل از وقت مکمل کرلینے کی ہدایت دی ۔ تفصیلات کے بموجب 2 اکٹوبر کو بتکماں تہوار کے سلسلے میں لال بہادر اسٹیڈیم تا ٹینک بنڈ خواتین کی ریالی منظم کی جائے گی اور اس ریالی میں زائد از 30,000 خواتین کی شرکت متوقع ہے ۔ بتکماں تہوار کے موقع پر خواتین کی بڑی تعداد تہوار کے سلسلے میں خصوصی طورپر سجائے گئے پھولوں وغیرہ کے ساتھ مخصوص رقص ’بتکما‘ کھیلیں گی ۔ سرکاری سطح پر منائے جانے والے اس تہوار کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے لال بہادر اسٹیڈیم تا ٹینک بنڈ خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر انتہائی اہم شخصیات کی آمد کے تناظر میں بھی انتظامات یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ لال بہادر اسٹیڈیم تا ٹینک بنڈ (روٹری پارک ) تک رنگ و روغن کے علاوہ خصوصی نقش و نگاری کے متعلق بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں اس اہم سڑک پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے متعلق بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بتکما تہوار کے موقع پر ندی یا تالاب کے قریب یہ تہوار کی رسومات ادا کی جاتی ہیں اسی لئے ٹینک بنڈ پر بڑی تعداد میں خواتین کو رسومات کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر سومیش کمار نے آج ٹینک بنڈ کے اطراف و اکناف کے علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی اور روٹری پارک کو بتکما تہوار کے انعقاد کے مرکزی مقام کے طورپر فروغ دینے کے متعلق غور و خوض کیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے محکمہ انجینئرنگ ، سنیٹیشن کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے عہدیدار اس موقع پر مسٹر سومیش کمار کے ہمراہ موجود تھے ۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ بتکما تہوار کے تمام تر انتظامات کیلئے خصوصی فنڈس کی اجرائی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود دیگر 18 تالابوں کے قریب بھی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جارہی ہیں چونکہ حکومت کی جانب سے بتکما تہوار کو ریاستی سطح پر منانے کے اعلان پر تہوار کے موقع پر تمام تر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری بن چکی ہے اسی لئے حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی زیرنگرانی تہوار کے انعقاد میں معاونت کے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT