Tuesday , December 11 2018

تلنگانہ کے ریاستی پھول ، درخت ، پرندہ اور جانور کا انتخاب

حیدرآباد ۔ 17 نومبر ۔ (این ایس ایس) حکومت تلنگانہ نے آج ریاستی پرندہ ، جانور ، درخت اور پھول کے انتخاب کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سکریٹریٹ میں آج صبح حکومت کے اس فیصلے کا اعلان کیا ۔ ریاستی پرندے کی حیثیت سے منتخب چڑیا ، تلگو کلچر اور بالخصوص بتکماں تہوار کے لئے نیک شگون سمجھی جاتی ہے ۔ سفید اور نیلی چڑیا کو تلگو میں پالا پٹا بھی کہا جاتا ہے ۔ اس طرح ہرن کو ریاستی جانور کے طورپر منتخب کیا گیا ہے ۔ دسہرہ تہوار میں پوجا کیلئے استعمال کئے جانے والے درخت جمی چٹو کو ریاستی درخت بنایا گیا ہے ۔ جبکہ پیلے پھول جنھیں تلگو میں تنگڑو کہا جاتا ہے تلنگانہ کے ریاستی پھول ہوں گے ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کو ترقی کے راستہ پر تیز رفتار پیشرفت کرنا ہے اس لئے اس پرندے کو تلنگانہ کا ریاستی پرندہ بنایا گیا ہے ۔ جمی درخت بھی کامیابی کی علامت سمجھا جاتا ہے جبکہ تنگڑ وپھول خواتین کی بھلائی و خوشحالی کی علامت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہرن ایک حساس جانور ہے جو اپنی سادگی اور صفائی کیلئے شہرت رکھتا ہے ۔ ہرن سے تلنگانہ عوام کے مزاج کی عکاسی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ماضی میں آندھرا کے زاویے سے ان چیزوں کا انتخاب کیا گیا تھا اور اب تلنگانہ کے زاویے سے انتخاب عمل میں آیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT